راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش امکان ہے، محکمہ موسمیات

منگل 5 نومبر 2019 21:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) بدھ کو بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں اکثر مقامات، زیریں خیبرپختونخوا اور بالائی/وسطی پنجاب کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے بلند پہاڑوں پر برف باری کابھی امکا ن ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودہا، قصور، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کہیں کہیں تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں ژوب، پشین، قلعہ عبد اللہ اور کوئٹہ کے اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت کالام ، سکردو صفر اورگوپس میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔