مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مستعفی ہونے والے آئی اے ایس آفیسر کے خلاف چارج شیٹ داخل

بدھ 6 نومبر 2019 21:32

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے سابق آفیسر کنن گوپی ناتھن نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے پر ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گوپی ناتھن نے ٹویٹر پر کئی ٹویٹس کرتے ہوئے کہاکہ کاش وہ مسئلہ کشمیر پر وزیر داخلہ امت شاہ پر اثر انداز ہوسکتے۔ انہوںنے کہاکہ ان پرذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت میں حکومت کی ساکھ مسخ کرنے کاالزام لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق آئی اے ایس آفیسر نے کہاکہ کشمیریوں کو اظہار رائے کی آزادی نہ دینے پرنوکری چھوڑنے کے دوماہ بعد ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے انہیں نشانہ بنانے پراس کی مذمت کی۔ گوپی ناتھن نے اپنے ٹویٹ میں نئی دہلی کی تیس ہزاری کورٹ میں پولیس اور وکلاء کے درمیان جھڑپوں پر بھارتی وزارت داخلہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ گوپی ناتھن نے کہاکہ وزارت داخلہ نے مجھے چارج شیٹ ای میل کی۔ مجھے معلوم ہے یہ اس سے بھی زیادہ سختی کریں گے کیونکہ جوکچھ ان کی ناک کے نیچے وکلائ اور پولیس کے درمیان ہورہا ہے یہ لوگ اس کو سنبھال نہیں سکتے۔اس لیے میں ملک کے مفاد میںان کو آزمائش کی اس گھڑی میں زیادہ پریشان نہیں کرنا چاہتا۔