Live Updates

پاکستان اور ہندوستان کی تقسیم کے بعد برصغیر کی دھرتی پر آج سب سے اہم راہداری کے افتتاح کی تقریب ہے،

وزیراعظم عمران خان نے سکھ برادری سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، نجوت سنگھ سدھو آج کے دن خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں، مذہبی امور کے وفاقی وزیر نور الحق قادری کا کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 9 نومبر 2019 16:56

پاکستان اور ہندوستان کی تقسیم کے بعد برصغیر کی دھرتی پر آج سب سے اہم ..
کرتار پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) مذہبی امور کے وفاقی وزیر نور الحق قادری نے ہفتہ کو کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے نانک نام لیوائوں کا بابا گرو نانک کی دھرتی پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی تقسیم کے بعد برصغیر کی دھرتی پر آج سب سے اہم راہداری کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد ہے، وزیراعظم عمران خان سکھ برادری کے ساتھ کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، نجوت سنگھ سدھو آج کے دن خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ہفتہ کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے سابق کرکٹر اور وزیراعظم عمران خان کے دوست نجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کو راہداری کھولنے کا کہا تھا اور آج وہ دن آگیا ہے جب سکھوں کو اپنے مقدس ترین مقام تک رسائی کی سہولت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بابا گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام یہاں گزارے ہیں جنہوں نے ساری زندگی محبتیں بانٹنے میں گزار دی۔

انہوں نے کہا کہ گرو نانک دیو جی نے اپنی زندگی کے چھ سال بغداد میں بھی گزارے ہیں اور آج بھی وہاں پر ان کے قیام کا مقام محفوظ ہے۔ اپنے قیام بغداد کے دوران بابا گرو نانک ہر صبح امام موسیٰ کاظم اور شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزارات پر حاضری دیتے تھے جو مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک نے زندگی کے آخری حصے میں یہاں سے توحید اور دوستی کا پیغام دیا ان کی تعلیمات امن و آتشی اور انسانی فلاح کیلئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں گوردوارہ کے عالیشان کمپلیکس اور راہداری کی تعمیر میں ذاتی دلچسپی لی جس کے نتیجے میں اس کو انتہائی قلیل وقت میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ دعا اور خواہش ہے کہ دلوں کو جوڑنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ عمران خان کو اجر دے۔ انہوں نے کہا کہ آج شاعر مشرق مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا یوم پیدائش بھی ہے اور انہوں نے بھی بانگ درا میں بابا گرونانک کے بارے میں تعریفی کلمات کہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور متروکہ وقف املاک بورڈ دن رات اقلیتوں کے مقدس مقامات کی خدمت اور یاتریوں کی سیوا میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں خواہش ظاہر کی کہ امن اور محبت کا یہ پیغام سرحد پار اسی طرح دیا جاتا رہے۔تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، مذہبی و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری ، صوبائی وزراء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سرادر عثمان بزدار، اراکین پارلیمان، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور عثمان ڈار، سفارتکار برادری، سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ، بھارتی اراکین پارلیمان اور دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات