عاشقان ِمصطفی کی عظیم الشان میلادالنبیؐریلی،سینکڑوں گاڑیوں اورموٹرسائیکل سواروں نے شہر کی مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا

ہفتہ 9 نومبر 2019 18:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) عاشقان ِمصطفی کی عظیم الشان میلادالنبیؐریلی‘ سینکڑوں گاڑیوں اورموٹرسائیکل سواروں نے شہر کی مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔مظفرآبادکی فضا سیدی مرشدی یانبیؐ یانبیؐ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی‘ ہر سو درودسلام کی صدائیں‘عاشقان رسول کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امنڈآیا، صلوة و سلام سے شہر کی فضا معطر رہی۔

میلادالنبیؐ ریلی میں مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ پیرمحمدسلیم چشتی، صاحبزادہ پیرمیاں محمدشفیع جھاگوی، صاحبزادہ پیر جاویدمنان قریشی ،مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمد کیانی،سید جواد گیلانی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول ،شوکت جاوید میر ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ارم قریشی ، پیر سید طالب حسین شاہ ، پیرسیدنیازگیلانی،علامہ محمدحسن حقانی،علامہ محمدپرویزقریشی، سید شکیل گیلانی،صاحبزادہ میاں عتیق جھاگوی،انجمن تاجران کے صدر باسط قریشی،محمدسفیررضا ، علمائے کرام، تاجر رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات،وکلاء صحافیوں، محکمہ سول ڈیفنس،ریڈکریسنٹ سوسائٹی،بم ڈسپوزل سکواڈ،ریسکیو1122،فائربرگیڈ،میونسپل کارپوریشن،پی ڈبلیوڈی،المصطفیٰ موبائل میڈیکل یونٹ کی ٹیموں،انجمن محبان مصطفی، تحریک لبیک یارسول اللہ، دعوت اسلامی، انجمن طلباء اسلام، میلادکمیٹی ایئرپورٹ،میلادکمیٹی کھلہ، میلادکمیٹی چہلہ بانڈی، میلادکمیٹی گوجرہ، میلادکمیٹی طارق آباد، کشمیری دیوانہ پارٹی،جملہ تنظیمات اہلسنت اورمدارس دینیہ سمیت تمام شعبہ ہاء زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عاشقان مصطفی اور بچوں کی بڑی تعدادنے بھرپورشرکت کی ۔

(جاری ہے)

ریلی کا جگہ جگہ فقیدالمثال استقبال کیا گیا اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ میلادالنبی ؐ ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس مرکزی عیدگاہ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ پیرمحمدسلیم چشتی نے میلادالنبیؐ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بابری مسجد کی شہادت اور پھر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ انتہائی شرمناک ہے،مسلم امہ کسی صورت اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گی،عالمی قوتوں کو بھارتی ہت دھرمی اور انتہا پسندی و دہشتگردی کا نوٹس لینا ہوگا،مقبوضہ کشمیرمیں جاری لاک ڈاؤن اور کرفیو انسانی حقوق کی بدترین پامالی انسانی تاریخ کا المیہ ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم امہ تفرقہ چھوڑ کر اتحادکا مظاہرہ کرے‘ حضور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان سرخرو ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر نے مثالی اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ کرے پورے ملک کو مثبت پیغام دیاہے، عظیم الشان میلادریلی اور اس میں شریک ہزاروں عاشقان رسول کے منظم جلوس نے ثابت کردیاہے کہ کشمیر کے لوگ عاشقان رسول اور پرامن لوگ ہیں۔

آج دنیابھر میں ہونے والی دہشتگردی اور انارکی اسی بدامنی تفرقہ بازی اور انتشار کے باعث تباہی پھیل رہی ہے۔ دنیابھرمیں آزادی اظہاررائے کی آڑ میں اسلام اورپیغمبر آخرالزمان جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں توہین کی ناپاک جسارت کی جاری ہی ہے۔ یہودوہنود مسلم امہ کی غیرت ایمانی کا امتحان لے رہی ہیں ایسے حالات میں امت مسلمہ کو پہلے سے زیادہ اتحادو یگانگت اور جذبہ عشق رسول کے فورغ کیلئے ذمہ دارانہ کرداراداکرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے دلوں سے ادب و محبت رسول کے چراغ گٴْل کر نے کی سازشیں بھی عروج پر ہیں ان کا قلع قمع کرنے کیلئے محافل میلادالنبیؐ کا بھر اپور اندازسے انعقاد کایجائے اور محافل کے آداب کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیاکی طاغوتی طاقتوں نے پاکستان اور ترکی کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے اور وہ ان دونوں ممالک کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

اس لئے مسلمان اپنے تمام تر اختلافات کو ختم کریں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جس مقصد کیلئے مبعوث فرمائے گئے‘ان تعلیمات پر عمل پیراہوں۔انہوں نے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام نکالی گئی عظیم الشان میلاد ریلی عشق مصطفی ؐکا عظیم نمونہ پیش کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ عشق رسولؐ ہی مسلمانوں اور دوسروں میں فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ؐ کی حرمت کے حوالے مسلمان کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔میلادالنبیؐ ریلی کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے ڈپٹی کمشنر مظفرآبا د بدرمنیر، اے سی عفت اعظم، ایس ایس پی یاسین بیگ، اور دیگر حکام ریلی کے ہمراہ رہے۔