کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید و زخمی رشتہ داروں بارے کوئی معلومات نہیں،مشال ملک

بدھ 13 نومبر 2019 13:31

کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید و زخمی رشتہ داروں بارے کوئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) مقبوضہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ( بدھ کے روز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ، کرفیو اور لاک ڈائون کے 101دن ہوگئے ہیں اور کشمیر یوں نے بھارتی حکومت کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے محصور کشمیریوں کو بھوکا مرنے پر مجبور کردیا ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ وادی میں اپنا غیر قانونی کنٹرول برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ تین مہینوں سے زیادہ عرصے سے محاصرے میں ہیں اور انہیں اپنے رشتہ داروں کے بارے میں کچھ معلوم نہیںکہ کتنے افراد بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی میںمریض اور بچے بھوک اور پیاس سے مر رہے ہیں کیونکہ کرفیو نے ان کی زندگی مکمل طور پر مفلوج کردی ہے، علاقے میں پانی سمیت بنیادی اشیائے خوردونوش ختم کردی گئی ہیں۔