بینظیر بھٹوشہید نے ملک میں امن وسلامتی کے لئے انتہا پسندوں اوردہشتگردوں کی آنکھوں میںآنکھیں ڈال کر بات کی، وہ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اور دنیا میں پاکستان کا نام سربلند کیا،خواتین کو ان کے حقوق دلوائے ، وہ عوام کی امید تھیں

چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کا بینظیر بھٹو شہید کی برسی حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب

جمعہ 27 دسمبر 2019 23:15

راولپنڈی27دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹوشہید نے ملک میں امن وسلامتی کے لئے انتہا پسندوں اوردہشتگردوں کی آنکھوں میںآنکھیں ڈال کر بات کی۔بینیظیر بھٹو شہید مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اور دنیا میں پاکستان کا نام سربلند کیا،خواتین کو ان کے حقوق دلوائے اور وہ عوام کی امید تھی۔

راولپنڈی کی عوام گواہ ہے کہ دختر مشرق کو بارہ سال قبل آج کے دن بم دھماکے میں شہید کر دیا گیا تھا کیونہ وہ طاقت کا سرچشمہ صرف عوام کو مانتی تھی،ہم نے اپنے غم اور غصے کو قابو رکھتے ہوئے انتشار نہیں پھیلایا بلکہ جمہوریت اور مفاہمت کی سیاست کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لیاقت باغ میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو شہید کی بارویں برسی کے موقع پر منعقد ہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف،سینیٹر رحمان ملک،اعتزاز احسن، پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما قمرالزمان قائرہ،نئیر حسین بخاری،مصطفیٰ نواز کھوکھر،ملک عامر فدا پراچہ،بابر سلطان جدون،طلباء تنظیموں وشعبہ خواتین کے راہنماوں سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔بلاو ل بھٹو نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ٹوٹے ہوئے ملک کو جوڑا اور جنگی قیدیوں کو دشمنوں سے واپس لائے ،پہلا متفقہ اسلامی جمہوری آئین کو نافذ کروایا، ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں اور کسانوںکو ان کے حقوق دلوائے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام کو بھٹو نے بنایا۔ انہوں نے کہاہے ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی بینظیر بھٹونے اپنے والد کی جدوجہد جاری رکھی اور عوام کے حقوق وآزادی کے لئے تیس سال تک بھرپور جدوجہد کی۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بی بی شہید نے اپنے ملک کا مفاد سب سے مقدم رکھا، ترقیاتی کام کروائے اور ہم نے بی بی کا مشن جاری رکھتے ہوئے روٹی کپڑا مکان کا وعدہ بینیظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پورا کیا۔ جلسہ کے اختتام پر بینیظیر بھٹو شہید کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔