غیر ملکی سفیروں کا دورہ مقبوضہ کشمیر ایک اور بھارتی بے سود مشق ہے، پروفیسر بٹ

ہفتہ 11 جنوری 2020 19:53

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2020ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں مقیم غیر ملکی سفیروںکا حالیہ دورہ کشمیر بھارتی سفارتکاری کی ایک اور بے سود مشق ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پروفیسر بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا تنازعہ کشمیر ، کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور سلامتی کونسل میں کشمیر کے حوالے سے ہونے والے حالیہ بند کمرہ اجلاسوں سے اچھی طرح باخبر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مقیم غیر ملکی سفیروں کو تنازعہ کشمیر کے حل ، مقبوضہ کشمیر کے قصبوں اور شہروں سے بھارتی فوج کے انخلاء اور علاقے میں نافذ کالا قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی پر زور دینا چاہیے۔ پروفیسر بٹ نے کہا کہ بھارتی حکومت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے بجائے کشمیر پر اپنا فوجی قبضہ جاری رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفیروںکو تنازعہ کشمیر کے تمام فریقوں پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیر پر غیر مشروط بات چیت کریںکیونکہ بات چیت ہی مسائل کو حل کرنے کا ایک مہذب اور انسانی طریقہ ہے۔