کراچی میں شدید ترین سردی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان

کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان، سردی کے لہر 20سی21جنوری تک جاری رہے گی، کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے

muhammad ali محمد علی منگل 14 جنوری 2020 19:51

کراچی میں شدید ترین سردی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2020ء) کراچی میں شدید ترین سردی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان، کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان، سردی کے لہر 20سی21جنوری تک جاری رہے گی، کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جہاں ملک کے بیشتر علاقے اس مرتبہ شدید ترین سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، وہیں کراچی میں بھی سردی کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا جس شہر میں شدید ترین سردی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کودرجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے جبکہ سردی کے لہر 20سی21جنوری تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

کراچی میں سردہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور منگل کو بھی کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

بتایا گیا ہے کہ سردی کی موجودہ شدید لہر مزید کئی روز تک جاری رہے گی اور آئندہ چند روز کے دوران شہر قائد کا درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، یوں کراچی میں شدید سردی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ اس سے قبل فروری 1950 میں کراچی کا درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا جو 70 سال کے دوران شہر کا کم ترین درجہ حرارت رہا۔ دوسری جانب محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب کے اکثر مقامات سمیت جنوبی پنجاب میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت ، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری کی پیشنگوئی ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور ڈویژن سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد ،گلگت، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں موسم خشک، ابرآلود اور سرد رہا جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم شدید سرد رہا۔