بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے،بھارت ریاستی دہشت میں مسلسل اضافہ کر رہاہے، مجید ملک

جمعہ 17 جنوری 2020 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے نائب چیئرمین عبدالمجید ملک نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت کی تازہ لہر کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالمجید ملک نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوںکو قتل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ پانچ ماہ سے زائد عرصے سے اسی لاکھ کشمیریوںکو محاصرے لے رکھا ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مسائل و مشکلات کا سامنا ہے ۔ عبدالمجید ملک نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز ضلع ڈودہ کے علاقے گندنہ میں شہید ہونے والے نوجوان ہارون عباس وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید نوجوانوںکی نماز جناز ہ میں ہزاروں کشمیریوں کی شرکت یہ ثابت کرتا ہے کہ کشمیری عوام ایک عظم مقصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے اپنے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی محبت کرتے ہیں لہذا بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

دریں اثنا جموںوکشمیر ماس موومنٹ کے نائب چیئرمین عبدالمجید میر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت دہشت گردی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوجیوں نے حال ہی میں ضلع اسلام آباد میں تین ، ڈوڈہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا جبکہ سرینگر سے پانچ بے گناہ نوجوان گرفتار کر لیے۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی ہمت ، حوصلے اور جانبازی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔