پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی نے دنیا کے تمام ریکارڈز توڑ دئیے حمزہ مغل

پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہ عوام نے پہلے دیکھی ہے اور نہ کسی دور حکومت میں ہوئی ہے

منگل 21 جنوری 2020 15:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2020ء) مسلم لیگ (ن) مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل حمزہ مغل نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بہت سے مسائل درپیش ہیں جن میں سے ایک مسئلہ مہنگائی کا بھی ہے جبکہ دوسری جانب حالیہ برف باری کے باعث وادی نیلم سمیت دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں عوام برف تلے دب کر جاں بحق اور زخمی بھی ہوئی مگر وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ متاثرین کے ساتھ ایک بھونڈ مذاق ہے ، بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کو 20لاکھ روپے جبکہ آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے گولہ باری سے جاں بحق ہو یا پھر کسی دوسری قدرتی آفات سے متاثر ہواُنہیں پونے دو لاکھ روپے کا اعلان کرنا کیا یہ وزیر اعظم کشمیریوں کے ساتھ مذاق نہیں تو اور کیا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہ عوام نے پہلے دیکھی ہے اور نہ کسی دور حکومت میں ہوئی ہے پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی نے دنیا کے تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں جبکہ مزدور کی دیہاڑی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہ وہی 20سال پرانی ،ملازمین یا دیہاڑی دار مزدور کہاں سے اس مہنگائی کے دور میں اپنے بچوں کا پیٹ پالیں گی ۔اُنہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام کو ہر طرح سے کچلنے کیلئے پی ٹی آئی نے فارمولا تیار کررکھا ہے وہاں آزادکشمیر میں مختلف موبائل کمپنیوں کی جانب سے پہلے ہی صارفین کو لوٹا جارہا ہے مگر اب مزید ٹیکس لگا کر ایک دوسرے سے رابطہ بھی منقطع کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،وزیر اعظم پاکستان اگر اپنے اداروں اور مہنگائی پر کنٹرول نہیں کرسکتے تو اُنہیں مستعفی ہوجانا چاہیے عوام کی زیادہ تر تعداد پی ٹی آئی کے تمام اقدامات کو مسترد کرتی ہے جبکہ (ن) لیگ کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر رہنمائوں کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں دراصل شریف برادران کو سیاست سے باہر کرکے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا پلان تیار کیا جارہا ہے جس کو عوام مسترد کرتی ہے اور (ن) لیگ بھی مسترد کرتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان وادی نیلم سمیت دیگر علاقوں میں جاں بحق افراد کا معاوضہ 20لاکھ جبکہ املاک کی تباہی پر کم از کم10لاکھ اور زخمیوں کے لئے 5لاکھ کا اعلان کریں نہیں تو پورے پاکستان سمیت آزادکشمیر میں دمادم مست قلندر ہوگا۔