یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن مریدکے کے زیر اہتمام واحد سرکاری سطح کی تقریب

بدھ 5 فروری 2020 23:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2020ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن مریدکے کے زیر اہتمام واحد سرکاری سطح کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ و اسسٹنٹ کمشنر مریدکے سرمد تیمور بھٹی، ڈی ایس پی قیصر مشاق گجر،ڈی ایس پی موٹر وے پولیس عمران عطاری،ایم این اے بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی کے صاحبزادے عمر سکندر بھٹی، معروف کاروباری شخصیت شیخ طاہر شبیر اور چیف آفیسر بلدیہ رائے محمد منشاء نے مہمان خصوصی کی حیثیت شرکت کی۔

دوسری طرف چیئرمین سید قاسم علی شاہ اور چیئرمین سپریم کونسل سید سجاد الحسن شیرازی کی قیادت میں متحدہ پریس کلب(رجسٹرڈ) مریدکے کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی دفتر پریس کلب سے نکالی گئی جو بعد ازاں بلدیہ کے زیر اہتمام مرکزی ریلی میں شامل ہو گئی۔

(جاری ہے)

حافظ عثمان ربانی کی قیادت میں کشمیر کمیٹی کی ریلی ننگل ساہداں سے نکالی گئی جو بعد ازاں مرکزی ریلی میں شریک ہوئی۔

نیشنل ہائی وے اینڈموٹر وے پولیس کی ریلی ڈی ایس پی عمران عطاری کی قیادت میں جی ٹی روڈ پر نکالی گئی۔بلدیہ کے صحن میں پاکستان اور کشمیر کے پرچموں کو لہرانے کے بعد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر سکندر بھٹی نے کہا کہ ہٹلر مودی کی قیادت میں غاصب بھارت نے ایک کروڑ کے قریب کشمیریوںکو کئی ماہ سے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں ڈال رکھا ہے مگر عالمی طاقتیں مسلسل خاموشی کا اظہار کرکے انسانیت کا قتل کر رہی ہیں۔

اگر بھارت نے فوری طور پر کشمیریوںپر عائد پابندیاں ختم نہ کیں تو وہ دن دور نہیں جب و ہ خود ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے اور دہشت گرد ہندؤںکو دنیا بھر میں سر چھپانے کی جگہ نہیںملے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سرمد تیمور بھٹی نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروا کر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ورنہ دنیا کا اعتماد اس عالمی ادارے سے اٹھ جائے گا۔

چیئرمین سپریم کونسل متحدہ پریس کلب سید سجاد الحسن شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام متحد ہو کر کشمیریوں کو بھارت کی قید سے آزادی دلائے ورنہ اسلامی اتحاد پارہ پارہ ہو جائے گا۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کو آزادی دو سمیت دیگر نعرے لگائے جاتے رہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں چودھری احسان بھٹی، علمدار حسین شاہ گیلانی نے بھی ریلیوںسے خطاب کیا۔