شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جا رہا، رانا تنویر

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی رہیں گے، شہباز شریف جلد واپس آکر ایسی تحریک چلائیں گے، جس سے حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔ ن لیگی رہنماء اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 فروری 2020 17:53

شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جا رہا، رانا تنویر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جا رہا، قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی رہیں گے، شہباز شریف جلد پاکستان آکر ایک ایسی تحریک چلائیں گے، جس سے حکومت کو گھر جائے گی۔انہوں نے آج یہاں مرید کے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو قائد حز ب اختلاف نہیں بنایا جا رہا یہ محض حکومتی لوگوں کی افواہیں ہیں، نواز شریف ہی پارٹی کے لیڈر ہیں جوکہ علاج کے بعد پاکستان آئیں گے جبکہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اور رہیں گے اور جلد پاکستان آکر ایک ایسی تحریک کا آغاز کریں گے جس سے حکومت کو گھر جانا ہی پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی و اقتصادی ، جغرافیائی اور سیاسی اعتبار سے جتنا نقصان عمران حکومت نے پہنچایا ہے۔ اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا، نواز شریف کو امریکہ کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے کی سزا دی گئی اور اقتدار سے الگ کیا گیا ،عمران حکومت امریکہ کا ہر کہنا مان رہی ہے جس کی مثال پوری دنیا نے دیکھی کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا تھا کہ سابقہ حکومت کی امداد ہم نے اس وجہ سے بند کی کیونکہ وہ ہماری بات نہیں مانتے تھے جبکہ عمران خان ہماری بات مان رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اپوزیشن نے حکومت کو موقع دیا کہ عوام سے کئے وعدے پورے کرے اور معاشی صورتحال بھی بہتر کرے مگر اس نے عوام کا جینا حرام کر دیا ،مہنگائی کا طوفان ہے کہ جو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا جبکہ معیشت کا بیڑہ بھی ڈبو دیا ،حکومت کو مزید وقت دیا تو پاکستان کا بہت زیادہ نقصان ہو جائے گا اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت ڈلیور نہ کر سکے اور پانچ سال حکومت بھی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری نثار کا احترام کرتے ہیں ،میری اطلاع کے مطابق چوہدری نثار لندن میں علاج کیلئے گئے۔ مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے ان کا کوئی رابطہ اور نہ ہی ان کا آنے والے وقت میں مسلم لیگ (ن) میں کوئی کردار ہے۔ انہوں نے کہا لندن میں حکومت کے خلاف کوئی سازش تیار نہیں ہو رہی جو کچھ بھی ہو گا وہ پاکستان میں ہی ہو گا اور عوام کی طاقت سے ہی ہو گا ۔