وفاقی وزیرداخلہ کا غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ختم کرنے کا عندیہ

غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بالکل ہی ختم کردینا چاہیے، تمام غیرقانونی سوسائٹیوں کا حُقہ پانی بند کرنا چاہیے، سفارش کی ہے جس تحصیل کی آبادی10 لاکھ سے زیادہ ہو وہاں پاسپورٹ دفتربنایا جائے۔وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ پیر فروری 21:45

وفاقی وزیرداخلہ کا غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ختم کرنے کا عندیہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بالکل ہی ختم کردینا چاہیے، ان غیرقانونی سوسائٹیوں کا حُقہ پانی بند کرنا چاہیے، سفارش کی ہے کہ جس تحصیل کی آبادی 10 لاکھ سے زیادہ ہو وہاں پاسپورٹ دفتربنایا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کی ٹیم آئی تومیں گھرسے نکل نہیں سکا۔

میں نے تمام انتظامیہ کو بلایا کہ راستے کیوں بند ہیں۔چیئرمین پی سی بی کوفون کرکے کہا اب اگرکوئی ٹیم آئی توکوئی سیکیورٹی نہیں ملے گی، مجھے کہا گیا کہ پی ایس ایل کے تمام کھلاڑیوں کواسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیں۔ میں نے کہا بیرون ملک کھلاڑیوں کوتو دیں لیکن لوکل کھلاڑیوں کوکیوں؟ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کوبالکل ہی ختم کردینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان غیرقانونی سوسائٹیوں کا حُقہ پانی بند کرنا چاہیے۔ نئے ایئرپورٹ کے پاس نئی سوسائٹیوں کے ساتھ کچی آبادیاں بن رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ دفاترتمام اضلاع میں بنائے گئے ہیں۔ سفارش کی ہے کہ جس تحصیل کی آبادی 10 لاکھ سے زیادہ ہو وہاں پاسپورٹ دفتربنایا جائے۔ ہم معاشرے کوبہتربنانے کیلئے کچھ پیسے خرچ نہیں کررہے۔ ہرچیزکو پاکستان پینل کوڈ میں ڈال کرسوسائٹی نہیں چلتی۔

ہمارے معاشرے میں ایسا نظام نہیں آسکتا کہ گھرمیں ماں بیٹے کومارے توپولیس آجائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت میں قانون موجود ہوتے ہیں لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا۔ ہم عمل درآمد میں ناکام قوم ہیں۔ آئی جی اسلام آباد سے کہا دوران ڈرائیونگ سگریٹ نوشی اورموبائل کا استعمال کی پابندی کروائی جائے۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ جدہ میں پاسپورٹ کےعملے کو6 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔

وہاں کے مقامی دفترکے لوگ چندہ اکٹھا کرکے پاسپورٹ عملے کو تنخواہ دیتے ہیں۔ اسی طرح وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کالعدم تحریک طالبان اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے فرار سے متعلق میڈیا میں چلنے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ احسان کے بارے میں جو خبر آرہی میں نے بھی پڑھی ہے اور وہ صحیح ہے، جی پتہ چلا ہے تو کہہ رہے ہیں صحیح ہے، بہت کچھ کر رہے ہیں ہمیں اچھی خبر ملے گی۔