مودی حکومت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے، قاضی عمران

بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے، مجید میر

منگل 3 مارچ 2020 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2020ء) جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئر مین قاضی محمد عمران نے کہا ہے کہ مودی حکومت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے اور دنیا بھارت کی اس دہشت گردی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قاضی عمران نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام اور مساجد کو شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی اور آرایس ایس جموںوکشمیر کے چند غداروں کے ساتھ ملکر اس کی شناخت کو مٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ ان غداروںسے ہوشیار رہیں اور بھارت کی سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب بھارت جموںو کشمیر سے نکل جائے گا اور آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند عوام پر مظالم اور محاصروں اورتلاشی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا گزشتہ سات ماہ سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محاصرے میں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہابھارتی افواج کشمیری عوام کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار کرانے کے لئے ان پر بے پناہ مظالم ڈھارہی ہیں جبکہ آزادی پسند قیادت سمیت ہزاروں لوگوں کو جیلوں اور گھروں میں نظر بندرکھاگیاہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادں پر عمل درآمد کرائے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کیا جاسکے۔ انہوں نے بھارت سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔