سپریم کورٹ میں وزیراعظم کو نااہل قراردلوانے کی درخواست دائر

وزیراعظم نے الیکشن میں ایک کروڑ نوکریوں اور50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، وزیراعظم نے قوم سے جھوٹ بولا، ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، وزیراعظم کو جھوٹا قراردے کر نااہل کیا جائے گا۔ درخواستگزار کی سپریم کور ٹ سے استدعا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 7 مارچ 2020 21:04

سپریم کورٹ میں وزیراعظم کو نااہل قراردلوانے کی درخواست دائر
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مارچ 2020ء) سپریم کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کو وعدہ خلافیوں پر نااہل قراردلوانے کی درخواست دائر کردی گئی،وزیراعظم نے انتخابات میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، سپریم کور ٹ سے استدعا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا قراردیتے ہوئے نااہل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن اوروزیراعظم کو فریق بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کیخلاف ایڈووکیٹ احسان علی بھٹو نے نااہلی کیلئے درخواست دائر کی ہے، درخواست کے متن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی مہم میں عوام کو 100 روزہ پروگرام دیا، اور عوام سے وعدے کیے کہ لوگوں کو روزگار دیا جائے گا، غربت ختم کی جائے گی، لیکن وزیراعظم کا ایک وعدہ بھی وفا نہیں ہوا ہے، بلکہ وزیراعظم کے وعدہ خلافی کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی بڑھ چکی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کے ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدے محض دعوے ہی ثابت ہوئے۔عمران خان نے اقتدار کیلئے عوام سے جھوٹ بولا، سپریم کور ٹ سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پابند بنائے کہ عمران خان کو جھوٹا قراردیتے ہوئے نااہل کیاجائے گا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا نمائندوں نے وزیراعظم سے سوالات بھی کیے، سوشل میڈیا کارکن نے سوال کیا کہ کرپٹ لوگوں رہا ہورہے ہیں، ایک ایک کرپٹ بندے کو ضمانت ملتی جارہی ہے، جس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ کرپٹ لوگوں کو ضمانتیں ملنا قانونی عمل ہے،ضمانت ملنے کا مطلب کیسز ختم ہونا نہیں ہے، اس لیے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ یہ تمام لوگ کرپٹ ہیں کل کو ان کیخلاف دوبارہ کیس لگا تو پھر جیل جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص ٹولے کی حکومت گرانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی، عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئے ہیں، مخصوص ٹولے کی حکومت گرانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی،سوشل میڈیا کے لوگ میری طاقت ہیں، سوشل میڈیا کنونشن منعقد کروانے کا جلد اعلان کروں گا۔ سوشل میڈیا پرخبر دینے سے پہلے تصدیق کرلیا کریں۔ حکومت کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔ سوشل میڈیا پرمثبت تنقید بالکل ہونی چاہیے۔ حکومت پر اٹیک کرنے سے پہلے تصدیق کرلیں خبر سچی ہے یا جھوٹی ہے؟ اکثر ہمارے اپنے لوگ میڈیا کی فیک نیوزکے پراپیگنڈے میں آجاتے ہیں۔