وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس،

کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 14 مارچ 2020 20:19

وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2020ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادکشمیر بھر میں کرونا وائرس کی روک تھام اور اس سے حفاظت کیلئے اقدامات کرنے کے سلسلے میں سٹیٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اعلی سطح کا اجلاس جموں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ۔

،وزیر ایس ڈی ایم اے احمد رضا قادری ،چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا سیکرٹری خزانہ عصمت اللہ شاہ ، پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز خان ،سیکرٹری صحت ،سیکرٹری قانون ،انصاف و پارلیمانی امور ارشاد قریشی ،سیکرٹری مذہبی امور سردار جاوید ایوب ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال سمیت ،کمشنرز پونچھ ،میرپور و پونچھ،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پیر کو اسلام آباد میں کابینہ کا اجلاس ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق آگاہی مہم ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ سے بات ہوئی ہے ،آئمہ کرام کرونا وائرس سے عوام کو آگاہ کریں۔آزادکشمیر میں مقامی اخبارات کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کی ٹیموں کو بھی ہدایت دی جائے کہ وہ بھی آگاہی مہم میں حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز ،تحصیلدار بھی اس آگاہی مہم کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری آفس میں تمام اضلاع سے پراگریس رپورٹس آنی چاہییں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بھی اس آگاہی مہم میں شامل کیا جائے۔سیکرٹری ایجوکیشن اور ہائیر ایجوکیشن اس سلسلے میں کام کریں انہوں نے کہا کہ یورپ و دیگر ملکوں سے آنے والے مسافروں کو بھی چیک کیا جائے ۔

حفاظتی سپرے بھی کروائے جائیں۔ آزادکشمیر ابھی تک محفوظ ہے ،مستقبل میںبھی اسے محفوظ بنانے کیلیے جفاظتی انتظامات کئے جائیں ۔دریں اثناء وزیراعظم کی سربراہی میں کروناوائرس سے حفاظتی اقدامات کیلیے 18 رکنی سٹیٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی منظوری دی گئی۔اعلی سطح کی کوآرڈینیشن کمیٹی میں وزیر صحت ،وزیر ایس ڈی ایم اے ،چیف سیکرٹری ،آئی جی سمیت اعلی حکام شامل ہیں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کو کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے وزیراعظم کو بتایا کہ آزادکشمیر میں 6 افراد میں شبہ پایا گیا چار کلیئر ہو گئے جبکہ دو کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو چوکنا کر دیا گیا ہے آزادکشمیر میں 10 فروری سے کروناوائرس سے نمٹنے کیلیے الرٹ جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام انٹری پوانٹس پر ٹیمیں موجود ہیں جو مسافروں کی سکریننگ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو چیک کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمشنرسے بھی وزیراعظم کی ہدایت کے بعد رابطے میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ مساجد کو اس کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ،کمیونٹی لیڈرز کو بھی موٹیویٹ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں قرنطینہ رکھا گیا ہے جس کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو 14 دن میرپور میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔وزیراعظم جن کو ڈاکٹروں نے آنکھ کے آپریشن کی وجہ سے آرام کا مشورہ دیا تھا مگر وہ اس کے باوجود اعلی سطح کے اجلاس میں شریک ہوئے۔