بھارت کے انسانیت سوز مظالم کشمیری نوجوانوں کے دلوں سے آزادی کی تڑپ کبھی ختم نہیں کر سکتے ،

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار

پیر 16 مارچ 2020 19:30

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے انسانیت سوز مظالم کشمیری نوجوانوں کے دلوں سے آزادی کی تڑپ کبھی ختم نہیں کر سکتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد (اننت ناگ) کے واتر گام علاقے میں بھارتی فوج کی طرف سے گھر گھر تلاشی کے دوران طارق مظفر، عمر بھٹ ، سجاد بھٹ اور گلزار احمد کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ طاقت کے وحشیانہ استعمال سے آزادی اور حق خودارادیت کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیو اور لاک ڈائون لگا کر جعلی مسلح جھڑپوں کے نام پر نوجوانوں کے قتل عام میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ ریاست کے طو ل و عرض جعلی جھڑپوں میں نوجوانوں کو قتل ، زخمی اور معذور کرنے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دلوں میں خوف و ہراس پیدا کر کے انہیں آزادی اور حق خودارادیت کی پرامن سیاسی جدوجہد سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد بھارتی فوج نے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے پورے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک بڑے جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ واترگام کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی فوج کی سفاکی اور بربریت کے باجود کشمیری نوجوان حریت اور آزادی کی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔

صدر آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے آروانی میں مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید نوجوان گلزار احمد کے جنازہ میں کرفیو اور پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد کی شرکت اور آزادی و پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعروں سے دہلی کے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے اور انہیں جان لینا چاہیے کہ کشمیری کیا سوچ رہے ہیں۔