اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کابازار بند کرائیں،سید علی گیلانی

پیر 16 مارچ 2020 20:07

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حال ہی میں اسلام آباد اور بارہمولہ اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض بھارتی فو ج کو مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید اور بلاجواز گرفتارکرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتا ۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانے کی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کو بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج مخالف سیاسی نظریہ رکھنے کی وجہ سے ہر کشمیری کو قتل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کررکھا ہے ۔ سید علی گیلانی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںپر زوردیا کہ وہ تما م نظربند کشمیریوں کو فوری طورپررہا کرانے میں اپنا کردار اداکریں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کا نوٹس لیں اور علاقے میں ظلم وستم کابازار بند کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔