وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور اسٹیٹ بینک ہنگامی معاشی پیکیج کا اعلان کریں،میئر کراچی

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، یہ ایک انسانی سانحہ ہے،وسیم اختر

بدھ 18 مارچ 2020 20:09

وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور اسٹیٹ بینک ہنگامی معاشی پیکیج کا اعلان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور اسٹیٹ بینک ہنگامی معاشی پیکیج کا اعلان کریں ، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، یہ ایک انسانی سانحہ ہے، معاشی ، تجارتی، کاروباری اور نفع و نقصان کا معاملہ نہیں کم از کم شرح سود 9 سے 10 فیصد کرکے کاروبار اور تجارت کرنے والوں کی داد رسی کی جائے، اگر عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے غیر ملکی قرضے بھی لینے پڑیں تو لئے جائیں، عام شہری بے انتہا پریشان ہیںان کا کچن کیسے چلے گا اس بات پر حکومت سنجیدگی اختیار کرے، انہوں نے کہا کہ تاجر ہم سے رابطے میں ہیں اور حکومت سے امیدیں ہیں کہ ان کی مشکلات کو وہ آسان کریں گے، ڈیلی ویجز والے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ، کورونا وائرس سے بچ جائیں گے تو انہیں اور ان کے خاندان کو بھوک افلاس، فاقہ کشی اور بے روزگاری مار ڈالے گی، انہوں نے کہا کہ موجود صورتحال سے غریب، مزدور ، کسان ، ڈیلی ویجز ، گھروں، کارخانوں، دفتروں ، دکانوں اور اسکولوں میں کام کرنے والے ڈومیسک ورکرز ، ورکنگ کلاس اور مڈل کلاس طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا اس لئے ان کی داد رسی کے لئے اقدامات بے انتہا ضروری ہیں، میئر کراچی وسیم اختر عباسی شہید اسپتال پہنچے ، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ڈاکٹر سید سیف الرحمن، میڈیکل ہیلتھ کمیٹی کی چیئرپرسن ناہید فاطمہ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جبار بھٹی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید ڈاکٹر ندیم راجپوت اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ، ایمرجنسی وارڈ ، کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے بنائے گئی فلٹر کلینک اورآئیسولیشن رومز کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق انتظامات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں ، اسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اس سلسلے میں ہمہ وقت متحرک رہے، کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق انتظامات میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں اس حوالے سے انتظامات مکمل ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو مزید آئیسولیشن رومز بنائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اسپتال میں داخل کرنے سے پہلے مریضوں کو فلٹر کلینک میں چیک کیا جائے ، خاص طور پر نزلہ ، زکام، کھانسی ، بخار اور سانس میں دشواری کے مریضوں کا کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جائے اور ایسے افراد جو گزشتہ پندرہ دنوں میں مختلف ممالک سے پاکستان پہنچے ہیں ان کا بھی کسی قسم کا علاج کرنے سے پہلے فلٹر کلینک میں چیک اپ کیا جائے ، میئر کراچی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ تمام اسٹاف جو اسپتال میں کام کر رہے ہیں انہیں ماسک اور سینیٹائزر فراہم کئے جائیں تاکہ وہ خود بھی محفوظ رہیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے لئے ایک مشکل وقت ہے لیکن جو قومیں ہمت اور جدوجہد سے کام لیں گی وہ بہت جلد اس مشکل سے نکل آئیں گی، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس سلسلے میں فکر مند ہے اور پاکستان میں بھی اس حوالے سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جلد سے جلد صورتحال پر قابو پاسکیں۔