کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں ،میاں عبد الوحید

لوگ بھوک سے مرجائیں گے، آزادکشمیر حکومت ‘وزیراعظم آزاد کشمیر ،وفاقی اور تما م صوبائی حکومتوں سے رابطہ کریں،یاتو ان پھنسے افراد کو واپس اپنے علاقوں میں پہنچانے کا انتظام کیا جائے یا وہیں کھانے اور رہائش کا فوری بندوبست کیاجائے،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما کی پریس کانفرنس

منگل 31 مارچ 2020 16:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) پاکستا ن پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکز ی رہنماء و سابق وزیر میاں عبدالوحیدنے کہاہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں میں آزادکشمیر بالعموم اور نیلم ویلی کے بالخصوص ہزاروں مزدور‘دیہاڑی دار طبقہ افرادبیروزگار ہو کر پھنسے ہوئے ہیں ۔

ان کے پاس نہ کھانے کو کچھ ہے نہ سر چھپانے کیلئے رہائش ہے۔ اکثر افراد کئی کئی روز سے بھوکے ہیں۔یہ لوگ بھوک سے مرجائیں گے۔ آزادکشمیر حکومت ‘وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان وفاقی اور تما م صوبائی حکومتوں سے رابطہ کریں ۔یاتو ان پھنسے افراد کو واپس اپنے علاقوں میں پہنچانے کا انتظام کیا جائے اگر یہ ممکن نہیں تو ان کیلئے وہیں کھانے اور رہائش کا فوری بندوبست کیاجائے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں عبدالوحید نے مزید کہاکہ کورونا جیسی وباء کی روک تھام کیلئے وفاقی ‘صوبائی اور آزادکشمیر حکومت کی طرف سے لاک ڈائون بہترین اقدام تھا ۔ لیکن لاک ڈائون کے باعث کراچی ‘گوادر ‘ بلوچستان ‘ خضردار ‘ لاہور ‘ فیصل آباد ‘ راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں فیکٹریوں اورتعمیراتی فرموں کیساتھ کام کرنیوالے مزدوروں کی بڑی تعداد بیروز گار ہو کر پھنسی ہے ۔

نیلم ویلی کے بھی ہزاروں افراد ان میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں پھنسے مزدور ہم سے رابطہ کررہے ہیں کہ ہمیں بچایا جائے ہم کورونا سے تو نہیں بھوک سے کہیں مر نہ جائیں۔ نفسانفسی کادور ہے۔اگر حکومتوں نے اس طرف توجہ نہ دی تو بڑاانسانی المیہ جنم لے سکتاہے ۔ دیہاڑی دار طبقہ کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی ان مزدور لوگوں کی مدد کریں تاکہ وہ روح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھ سکیں ۔