ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کشمیری نظربندوں کی رہائی اور انٹرنیٹ کی بحالی کی اپیل

منگل 31 مارچ 2020 21:02

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا شاخ نے منگل کے روز بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار 4 جی انٹرنیٹ کو فوری طورپربحال کرنے اور کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر تمام کشمیری نظربندوں کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک درجن سے زائد گرفتار افراد ، صحافیوں ، وکلاء اور کاروباری افراد سے انٹرویو لینے اورکشمیر میں حق اطلاعات کے قانون کے تحت سرکاری محکموں سے 255 درخواستوں کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات کے بعدادارے نے بالغ اور نابالغ افراد کی انتظامی احکامات جو اکثر زبانی ہوتے ہیں، کے تحت نظربندی ، طویل مواصلاتی بندش اور خطے میں شفافیت کی قطعی عدم دستیابی کو دستاویزی شکل دی ہے۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ انٹرنیٹ کے محدود رابطوں اور طبی سہولیات کے فقدان کے ساتھ غیر قانونی اور صوابدیدی اختیارات کے تحت نظربندی کا مسلسل استعمال کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے خوف ، ڈراور اضطراب میں صرف اضافہ کررہاہے۔