آزاد کشمیر کے عوام کی جانوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کو بہر صورت پورا کریں گے‘

اللہ کے فضل و کرم اور عوامی تعاون سے کورنا سے نجات حاصل کرینگے‘ مزدور پیشہ اور دھاڑی دار افراد کی معاونت کررہے ہیں‘ عوام حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا بلدیہ آفس کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:52

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی جانوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کو بہر صورت پورا کریں گے‘ اللہ کے فضل و کرم اور عوامی تعاون سے کورنا سے نجات حاصل کرینگے‘ شہری نازک صورتحال میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں‘ لاک ڈاؤن عوام کی جانوں کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے‘ مزدور پیشہ اور دھاڑی دار افراد کی معاونت کررہے ہیں‘ عوام حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز بلدیہ آفس کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ کی جانب سے ایمرجنسی کٹس بھی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعظم رسول کے حوالے کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین معائنہ کمیشن زاہد آمین کاشف، سیکرٹری ریڈ کریسنٹ راجہ شعیب بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شہری نازک صورتحال میں گھروں میں رہیں، کرونا سے بچنے کے لیے ہمیں میل جول کو محدود کرنا ہوگا۔ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ صفائی میں برکت ہے۔ بلدیہ شہرکی صفائی ستھرائی کو بہر صورت یقینی بنائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ مشکل صورتحال میں خوراک اور اشیائے ضروریہ کی کمی نہیں ہونے دینگے۔ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ چیک پوائنٹس پر کسی کے ساتھ نرمی نہ بھرتی جائے اور مقررہ اوقات پر اشیائے ضروریہ کی دوکانوں کو بندکیا جائے۔