مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کے 2 اہلکاروں نے الگ الگ واقعات میں سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

پیر 6 اپریل 2020 20:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے 2 اہلکاروں نے الگ الگ واقعات میں سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی اہلکاروں کے خود کشی کے واقعات اضلاع باندی پور اور سامبا میں پیش آئے جہاں دو اہلکاروں نے سرکاری رائفل سے گولیاں مار کر خود کشی کرلی۔

خود کشی کا پہلا واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پور کے فوجی اڈے میں پیش آیا جہاں ستیندر کمار نامی اہلکار نے اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کرلی۔ اہلکار نے موقع پر ہی دم تور دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ضلع سامبا میں بارڈر روڈ فوجی اڈے میں تعینات 40 سالہ اہلکار مکھن لال نے بھی سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اہلکار کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دبائو کے باعث خودکشی اور معمولی جھگڑے پر ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، 2017 سے تاحال 449 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔واضح رہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے 2014 میں ایک سروے بھی جاری کیا تھا جس میں ہر تیسرے دن ایک بھارتی فوجی کے خود کشی کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔