پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 989کیسز سامنے آگئے، مزید 23مریض جاں بحق

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 19ہزار103 ہوگئی، 4ہزار817افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 3 مئی 2020 10:43

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 989کیسز سامنے آگئے، مزید ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 03 مئی2020ء ) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 989کیسز سامنے آئے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ روز 24گھنٹوں میں 1 ہزار 297 نئے مریض سامنے آئے تھے اور آج کورونا کے 989کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 19ہزار103 ہوگئی ہے۔

مزید 23مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 440ہوگئی ہے جبکہ اب تک ملک میں 4ہزار817افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 13ہزار846ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ مریض صوبہ پنجاب میں سامنے آئے ہیں جہاں ان کی تعداد 7ہزار106ہے جبکہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 7ہزار102ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 393مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں اب تک 1172مریض سامنے آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 2907کیسز رجسٹر ہوئے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں 67اور گلگت بلتستان میں 356مریض سامنے آئے ہیں۔ اب تک ملک میں 2لاکھ 3ہزار25ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ واضح رہے عالمی سطح پر مہلک کورونا وائرس سے مصدقہ طور پر متاثرہ 34لاکھ افراد میں سے گیارہ لاکھ افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین میں ہلاکتوں کا تناسب کافی کم ہے، 34 لاکھ متاثرین میں سے شاید کچھ مریضوں کو صحت یاب ہونے میں وقت زیادہ لگ جائے، کتنے لوگ بچ پائیں گے، اس کا انحصار وائرس کے متاثرین میں مہلک ہونے کی شرح پر ہوگا۔

ماہرین کے تجزیے کے مطابق کورونا وائرس کے مہلک ہونے کی شرح عام نزلہ اور زکام والے وائرس انفلوئنزا (0.1%) سے زیادہ اور سارس وائرس (9.5%) سے کم ہے ، تفریحی بحری جہازوں پر اس کے مہلک ہونے کی شرح ایک فیصد ہے ۔رپورٹ کے مطابق ہر ملک میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی صورتحال اس قدر مختلف ہے اس لئے ابھی صرف مصدقہ کیسز اور ہلاک ہونے والوں کا تناسب پتا چلتا ہے۔