پنجاب کی تاجر تنظیموں نے 10مئی سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا

طویل لاک ڈاؤن نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے، مارکیٹس اور بازار نہ کھلے تو کورونا سے زیادہ بھوک سے لوگ مرجائیں گے، 40 دن کے طویل لاک ڈاؤن سے معاشی تباہی کے دہانے پرپہنچ چکے ہیں: تاجر رہنما

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 3 مئی 2020 11:51

پنجاب کی تاجر تنظیموں نے 10مئی سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین- 03 مئی۔2020ء) پنجاب کی تاجر تنظیموں نے 10مئی سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ طویل لاک ڈاؤن نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے، مارکیٹس اور بازار نہ کھلے تو کورونا سے زیادہ بھوک سے لوگ مرجائیں گے، 40 دن کے طویل لاک ڈاؤن سے معاشی تباہی کے دہانے پرپہنچ چکے ہیں۔ صدرلاہور چیمبرعرفان اقبال شیخ نے بھی تاجروں کی حمایت کااعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ طویل لاک ڈاون سے معاشی بحران سنگین صورتحال اختیارکرگیا ہے۔ لاہور چیمبر میں 100 سے زائد مارکیٹوں اور انجمن تاجران کے عہدیداروں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تاجروں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں اور چھوٹی انڈسٹری کے لیے لاک ڈاؤن فوری طور پر کھولا جائے۔

(جاری ہے)

لاہور میں تمام بڑی مارکیٹس کے صدور نے ازخود مارکیٹس کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ 10 مئی کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے ۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ اگر 9 مئی کو ریلیف نہ دیاگیا تو تاجر ازخود دکانیں کھولنے کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تاجروں کو فوری طور پر مارکیٹس کھولنے کی اجازت دی جائے,تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ 9مئی کے بعد کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے، انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ ہول سیل اور دیگر مارکیٹوں کو ہفتے میں چار دن کاروبار کی اجازت دی جائے،صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ نے کہا ہے کہ 10 مئی کو اعظم کلاتھ مارکیٹ کھول دیں گے اگر حکومت ایس او پی بنا کر دیں گی تو عمل کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مزدور کے مسائل کا ادراک ہے، کاروبار اور صنعتوں کو کھولنے کے لئے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کررہے ہیں، وزیراعلیٰ آفس میں ویڈیولنک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کو لاک ڈاون میں نرمی کے بارے میں سفارشات پیش کررہی ہے جس کا فیصلہ نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔