پاکستان میں کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق، جاں بحق افراد کی تعداد457 ہوگئی

خیبرپختونخوا اور سندھ میں 8، 8 اور پنجاب میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، ،ملک میں 1258 نئے کیسز کی تصدیق ، تعداد بیس ہزار سے تجاوز کرگئی ،4817 مریض صحت یاب

اتوار 3 مئی 2020 21:30

پاکستان میں کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق، جاں بحق افراد کی تعداد457 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2020ء) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 457 ہو گئی ، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20080 تک جاپہنچی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر سے کورونا کے 1258 نئے کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، پنجاب میں 640 کیسز اور 6 مزید افراد جاں بحق ہوئے ، سندھ میں 363 نئے کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی 8 افراد جاں بحق اور 222 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ، اسلام آباد میں 28 اور آزاد کشمیر میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔سندھ میں کورونا کے مزید 363 مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 7465 اور 8 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد اموات کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 1555 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب سے اب تک کورونا کے 640 کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7494 اور ہلاکتیں 121 تک پہنچ گئی ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 640 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 7494 ہو گئی ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق اب تک 768 زائرین سنٹر ز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے ، شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں اتوار کو کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 222 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3129 ہوگئی ہے محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 811 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں بھی گزشتہ روز 36 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں۔ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1172 ہوگئی ہے ،19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔گلگت بلتستان میں ہفتے کو کورونا کے 16 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 356 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اب تک 260 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں مزید 5 میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 71 ہو گئی ہے، 44 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں ، اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔