نوازشریف پر پیسے دے کر ڈیل کرنے کا الزام بےبنیاد ہے، شہباز شریف

کوئی بھی ثابت کردے کہ نوازشریف یا میرا خاندان ڈیل کیلئے ایک دھیلا بھی دے کر باہر گیا ہے تومیں سیاست چھوڑ دوں گا، میاں نوازشریف نے کوئی ڈیل نہیں کی، انہوں کروڑوں روپے تو کیا ایک دھیلے کی بھی ڈیل نہیں کی۔ صدر ن لیگ اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 مئی 2020 00:07

نوازشریف پر پیسے دے کر ڈیل کرنے کا الزام بےبنیاد ہے، شہباز شریف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف پیسے دے کر ڈیل کرنے کا الزام بے بنیاد ہے، کوئی بھی ثابت کردے کہ نوازشریف یا میرا خاندان ڈیل کیلئے ایک دھیلا بھی دے کر باہر گیا ہے تومیں سیاست چھوڑ دوں گا،میاں نوازشریف نے کوئی ڈیل نہیں کی ،انہوں کروڑوں روپے تو کیا ایک دھیلے کی بھی ڈیل نہیں کی۔

انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کورونا وباء پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہیے۔ میں لندن میں تھا تو ہماری پارٹی نے کورونا پرمربوط پلان دیا۔ ہم نے ملک میں مکمل لاک ڈاون کی تجویز دی۔ جن ممالک میں مکمل لاک ڈاون ہوا، وہاں اموات کی شرح نیچے آئی۔ ہمارے ملک میں غیرسنجیدہ رویے کی وجہ کورونا بڑھ گیا۔

(جاری ہے)

نیب نیازی گٹھ جوڑ کو کورونا سے نہیں،اپوزیشن سے لڑنے کی فکر ہے۔

نہ میں ڈیل کے تحت گیا تھا نہ ڈیل کے تحت واپس آیا۔ ہمیں18 ترمیم میں حمایت پر نیب کیسز ختم کرنے کی پیشکش نہیں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ سے اچھے اور احترام  کی بنیاد پر تعلقات کا حامی ہوں۔ بیماری کے سبب لندن گیا، کورونا کے سبب پروازیں بند ہوئیں تو واپس آنا پڑا۔ میں بھائی کو نہیں بھائی کےعلاج کو چھوڑکر واپس آیا۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کے معاملے کی سنگین صورتحال تھی۔

لیکن بیماری پر سیاست کی گئی، ہمیں بیماری پرسیاست نہیں کرنی چاہیے۔ میں ایک جمہوری سوچ کا آدمی ہوں۔ میں نوازشریف کا نامزد کردہ اور پارٹی کا منتخب صدر ہوں۔ جمہوریت کیلئے نوازشریف نے بےپناہ قربانیاں دیں۔

1993میں غلام اسحاق نے مجھے بلایا اورکہا تم وزیراعظم بن جاؤ۔ میں نے کہا یہ ممکن نہیں ہے، میں نے یہ پیشکش رد کردی۔ ہم نے صعوبتیں، قیدوبند اورجلاوطنی برداشت کی۔2017 میں نوازشریف کو پاناما کے بجائے اقامہ پر نااہل کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے جس ملک میں کورونا کوغیرسنجیدہ لیا گیا وہاں تباہی مچ گئی۔ ہم نے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا، لاک ڈاون پرغیرضروری بحث چھیڑی گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ چند دن پہلے خبر آئی صدرمملکت وزیراعلیٰ سندھ سے ملیں گے لیکن اگلے دن ملاقات منسوخ ہوگئی۔ اسی طرح وزیراعظم وزیراعلیٰ سے ملنے سے انکار کرتے ہیں۔ اس صورتحال میں قومی ہم آہنگی کیسے ہوگی۔