کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں اجلاس،ریاض نائیکوشہید کو شاندار خراج عقیدت

جمعرات 7 مئی 2020 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے دفتر میں کل ( جمعرات ) ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔نشست میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نشست میں بھارتی فوج کی طرف سے شہید کیے جانے والے مجاہد کمانڈر یاض نائیکو ، عادل احمد اور دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیااور انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

حریت رہنمائوں نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی فوج ہر کشمیری کو قتل کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اس نے کورونا وائرس کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے۔انہوں نے کشمیری صحافیوں کے خلاف کریک ڈائون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں صحافیوں کواپنے پیشہ ورانہ فرائض کی دیانت دارانہ طریقے سے انجام دہی پر انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خطیب نے کہا کہ کشمیری اپنی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے پرعزم ہیں اور اس مقصد کیلئے حریت کانفرنس اپنا بھر پور کرداد کرتی رہے گی۔ اجلاس میں محمد فاروق رحمانی، محمد حسین خطیب ، اشتیاق حمید، عبدالمجید میر ، شیخ محمد یعقوب ، شیخ عبدالمتین، جاوید اقبال بٹ، محمد شفیع ڈار، عبدالمجید ملک ، نثار مرزا، الطاف حسین وانی ، محمد سلطان بٹ، راجہ خادم حسین ، نذیر احمد کرنائی ، عدیل مشتاق وانی ، منظور الحق بٹ، مشتاق احمد بٹ ، سید کفایت رضوی ، زاہد اشرف ، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سید منظور احمد شاہ، اور امتیاز وانی شریک تھے۔

کشمیر میڈیاسروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام نے خصوصی دعوت پر نشست میں شرکت کی۔ انہوںنے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر اظہار خیال کیا۔دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیر نے بھی کنوینر سید فیض نقشبندی کی صدرات میں اسلام آبادمیں منعقدہ ایک اجلاس میں حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کماندر ریاض نائیکو اور عادل احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ سید فیض نقشبندی نے اس موقع پر کہا کہ شہید نوجوان کشمیریوں کے دلوں میں بستے ہیں اور بھارت قتل و غارت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتا۔