وزیراعظم آزادکشمیر کی عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

آزادکشمیر حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ابھی تک آزادکشمیر میںصورت حال قابو میں ہے،،راجہ محمد فاروق حیدر

جمعرات 7 مئی 2020 22:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر چاروں صوبوں وزراء اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان ،وفاقی وزراء سمیت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو د تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ابھی تک آزادکشمیر میںصورت حال قابو میں ہے۔ابھی تک آزادکشمیر میں کرونا کے 78کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز صرف 20ہیں۔ آزادکشمیر میں ہفتہ میں پانچ دن کاروبار کو سخت شرائط پر کھولنے کی اجازت ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ دو دن مکمل لاک ڈائون ہوتا ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بیرون ملک سے آئے چھبیس ہزار افراد کو گھروں میں ٹریس کر کے قرنطینہ کیا گیا اور اب ان کی قرنطینہ کی مدت بھی پوری ہو چکی ہے۔اب باہر سے آنے والے افراد کو طے شدہ ایس او پی کو مکمل کیا ۔ہمارے تمام اداروں نے منظم حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جس کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ۔

ہندوستان کرونا کی آڑمیں مقبوضہ کشمیر میں معصوم نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان کشمیریوں کا وکیل اور محسن ہے اس نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان ، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا ، پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز ، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔