کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، پی آئی اے نے تمام خلیجی ممالک کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کردی

مسافروں کے لئے پانی اور سافٹ ڈرنک کا انتظام ہو گا، روانگی سے قبل جراثیم کش کیمیکل سے جہازوں کی ڈس انفیکشن کا عمل بھی جاری رہے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 12 مئی 2020 22:00

کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، پی آئی اے نے تمام خلیجی ممالک کی پروازوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 مئی2020ء) کورونا وائرس سے بچاو کے اقدامات، پی آئی اے نے تمام خلیجی ممالک کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے نے دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب،مسقط، عمان اور دیگر ممالک کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسافروں کے لئے پانی اور سافٹ ڈرنک کا انتظام ہو گا، روانگی سے قبل جراثیم کش کیمیکل سے جہازوں کی ڈس انفیکشن کا عمل بھی جاری رہے گا۔ پی آئی اے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی صحت اور حفاظت کے لئےعالمی اصولوں پر کاربند ہیں ۔حفاظتی اقدامات کے تحت اخباروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، دوران پرواز مسافروں کو سافٹ ڈرنک، پانی فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی آئی اے کے بعد نجی ایئر لائن ایئر بلیو اور سیرین ایئر نے بھی اپنی اندرون ملک تمام پروازوں میں مسافروں کو کھانے کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی ہے۔ خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کا حفاظتی کٹس کاعطیہ دیا گیاتھا.حفاظتی کٹس میں حفاظتی لباس، ماسک اور عینکیں شامل ہیں، ان کٹس کا استعمال پی آئی اے کا عملہ دوران پرواز کرے گا۔

سی ای او ارشد ملک کا کہنا تھا کہ تمام قومی ادارے مکمل یکجہتی اور یگانگت سے ملک کی خدمت میں مصروف ہیں، عطیہ کردہ سامان سے پی آئی اے کے عملے اور مسافروں کو محفوظ بنانے میں بہت مدد ملے گی۔ دوسری جانب پی آئی ای نے برطانیہ کے لیے بھی خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے لیے 11سے 17مئی تک 9 پروازیں آپریٹ کرے گی جس میں سے 7 اسلام آباد ،2 پروازیں لاہور سے روانہ ہوں گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی پروازیں پاکستان سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔