پی ٹی آئی کشمیر کے جموں ریجن کے مرکزی عہدیداران کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

بدھ 13 مئی 2020 20:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2020ء) پی ٹی آئی کشمیر کے مہاجرین مقیم پاکستان جموں و کشمیر کے جموں ریجن کے لئے مرکزی عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا، اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کشمیر جموں ریجن کے صدر چوہدری غلام حسین، سینئر نائب صدر محمد امین چغتائی، سیکریٹری جنرل راجہ آفتاب، نائب صدر شجاعت حسین چوہدری، نائب صدر عرفان عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید رشید شاہ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل نصراللہ جرال، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شاہد انور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل امجد پہلوان، سیکرٹری فنانس چوہدری اورنگزیب، سیکرٹری انفارمیشن چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، سیکرٹری ممبرشپ زاہد فرید، جوائنٹ سیکرٹری آصف گجر، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری غلام عباس گجر،جوائنٹ سیکرٹری راجہ امجد، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ بشیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نومنتخب جموں ریجن کے صدر چوہدری غلام حسین، سینئر نائب صدر محمد امین چغتائی، سیکرٹری جنرل راجہ آفتاب اور دیگر عہدیداران کومبارکباددیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ لوگوں کو یہ اہم ذمہ داری ایک اہم موقع پر سونپی گئی ہے ایک طرف کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں جبکہ دوسری طرف آزاد کشمیر میں الیکشن کی آمد آمد ہے لہذا آپ سب عہدیداران جہاں کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کے مسائل حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں وہاں پر آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن کی بھی بھرپور تیاری کریں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے پہلے ہی وفاقی وپنجاب حکومت اور گورنر سندھ سے کشمیری مہاجرین کے مسائل کے حل کے لئے بات کی ہے اور انھوں نے مجھے مہاجرین جموں کشمیر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔لہذا اب آپ لوگ بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے انکے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔