متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی

امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید832کیسز اور 44 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 24,190 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 18 مئی 2020 23:07

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید832 کیسز اور4 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 24,190 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 832کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے مزید 6 مریض دم توڑ گئے، اس طرح امارات میں کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 224 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 1065 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔ مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 9ہزار577 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق امارات میں لاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے 5750 بستروں پر مشتمل 15 فیلڈ ہسپتال کام کر رہے ہیں۔

الامارات الیوم کے مطابق ایمرجنسی امور کی کمیٹی نے بتایا ہے کہ ابوظہبی میں 4 نئے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جس سے مہلک وائرس سے متاثرین کو طبی سہو لیات فراہم کرنے والے فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جن میں سے 8 ابوظبی، 2 دبئی جبکہ شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، ام القوین اور الفجیرہ میں ایک، ایک ہسپتال ہے۔ ایمرجنسی کمیٹی نے بتایا کہ کورونا کی وبا سے احسن شکل میں نمٹنے کے لیے المفرق، مصفح، العین، الظفر میں ہزار بستروں پر مشتمل نئے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں۔

ان ہسپتالوں میں 550 انتہائی نگہداشت کے یونٹس ، سو ڈاکٹر، 250 نرس اور 250 دفتری کارکن ہیں۔ یاد رہے کہ مملکت میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔