بین الاقوامی میڈیا بھارت کے بارے میں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے، مقررین کانفرنس

عالمی میڈیا اس بات کو تسلیم کرے کہ بی جے پی فاشسٹ نظریے کو فروغ دے رہی ہے

ہفتہ 23 مئی 2020 19:34

لندن / برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ورچوئل کانفرنس کے مقررین نے کہاہے کہ عالمی میڈیا کو بھارت کو فاشسٹ نظریے والے ملک کے طورپر تسلیم کرتے ہوئے اس کے بارے میں اپنی پالیسی پرنظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ حکمران جماعت بی جے پی مسلمانوں بالخصوص کشمیریوں کے خلاف فاشسٹ نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کووڈ۔19کشمیرمیڈیا کانفرنس سے بین الاقوامی صحافیوں ، ماہرین تعلیم اور ماہرین قانون کی ایک بڑی تعداد نے خطاب کیا۔ مقررین نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ جب دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے میں مصروف ہے تومودی حکومت غیرقانونی طور پر بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرکے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تیزی سے تبدیل کرنے کے لئے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین میں قومی سلامتی ڈویڑن اور اسٹریٹجک پلاننگ سے متعلق وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف ، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا ، پروفیسر نذیر احمد شال ، بیرسٹر عبد المجید ترمبو ،Victoria Schofield, Leonid Savin, Prof Josep-Lluis Alay, William Morris,، محسن عباس ، اشرف وانی ،Ianina Cozari, Noel Ndong اور Frank Schwalba Hoth.شامل تھے۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر منظور کیے جانے والے ایک اعلامیے میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند تمام کشمیریوں کو رہا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا پورااحترام کرے۔

اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل ، تشدد ، گرفتاریوں ، جنسی تشدد ، لاپتہ کئے جانے اور املاک کی تباہی سمیت انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے ایک آزادتحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔جموں وکشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے صدر ڈاکٹر سید نذیر گیلانی نے بھارت کے نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر میں جے کے سی ایچ آر کے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کی مسلسل نظر بندی کا معاملہ اٹھایا۔