کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث خوارک کی شدید قلت ہے،

ہندوستان مکمل بلیک آوٹ کر کے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، مشعال ملک

بدھ 27 مئی 2020 11:29

کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث خوارک کی شدید قلت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش لاحق ہے، ہندوستان کورونا وائرس کی وبا کی آڑ میں مکمل بلیک آوٹ کر کے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے،کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث خوارک کی شدید قلت ہے۔ بدھ کو اپنے جاری بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث یاسین ملک سمیت قید تمام حریت رہنمائوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں،کئی مہینوں سے لاک ڈاون نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے،بھارتی فورسزظلم وستم تشدد جبر اور لاک ڈائون سے کشمیریوں کو نفسیاتی مریض بنا رہی ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی جہدوجہد ظلم و ستم اور جبر کے باوجود بھی جاری ہے، نریندر مودی حکومت مسلم دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،کشمیریوں نے عید قید تنہائی میں گزاری۔

(جاری ہے)

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھارتی ظلم و ستم برداشت کررہی ہے، عالمی ادارہ صحت مقبوضہ کشمیر میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لے، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوائے۔ مسلم دشمنی میں بھارتی حکومت اور فورسز ذہنی توازن بھی کھو بیٹھی ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بیٹھے کبوتر کو جاسوس قرار دے کر قید کر دیا، انسان تو انسان بھارتی فورسز سے پرندے بھی محفوظ نہیں۔