وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا شہباز شریف اورمریم نواز کو ٹیلیفون ،

محمد نوازشریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا

بدھ 27 مئی 2020 18:19

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا شہباز شریف اورمریم نواز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور صدر مسلم لیگ (ن) کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انھوں نے نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز سے بھی ٹیلیفون پر بات کی اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) کی رہنمائی اور سرپرستی میں آزاد کشمیر کے اندر کئی دہائیوں سے زیر التواء مسائل حل ہوئے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کو بااختیار بنانے اور ترقیاتی بجٹ دوگنا کرنے اور خطہ کو سی پیک میں شامل کرنے سمیت قومی دھارے میں بھرپور نمائندگی پر مسلم لیگ (ن) کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محمد نوازشریف کی رہنمائی اور سرپرستی میں مسلم لیگ (ن) اگلے ایک سال مزید ڈٹ کر عوامی خدمت کرے گی اور آئندہ انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

شہباز شریف اور مریم نواز نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے بروقت اقدامات پر وزیراعظم آزاد کشمیر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔