مسلم لیگ ن کے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت

الیکشن کمیشن نے تمام تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت تین جولائی تک ملتوی کردی

منگل 2 جون 2020 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2020ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ ن کے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کو تمام تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن وکیل اور درخواستگزار فرخ حبیب کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ مسلم لیگ ن اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات سکروٹنی کمیٹی کو فراہم نہیں کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے کروڑوں روپے کی فنڈنگ دینے والے 10 ڈونرز کے شناختی کارڈ نہیں دے سکی ہے ایک ڈونر نے پانچ کروڑ کا چیک مسلم لیگ ن کو دیا لیکن شناختی کارڈ ساتھ نہیں لگایا ہے اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال روسٹرم پر آگئے اور کہاکہ ہمارے اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات ریکارڈ پر ہیں، فاضل وکیل اپنے موکل کی پارٹی کو مشورہ دیں کہ وہ بھی اپنے غیر ملکی اکائونٹس کی تفصیلات کمیشن کو فراہم کریں جس پر فرخ حبیب کے وکیل نے کہاکہ میرا پی ٹی آئی سے کوئی لینا دینا نہیں، میرا اپنا کیس ہے، مسلم لیگ ن اپنے اکاؤنٹس کی بات کرے الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کو تمام ریکارڈ سکروٹنی کمیٹی کو جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان