بہاول پور:بددیانت حکمرانوں کی نالائقی،بدانتظامی نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا

ہفتہ 6 جون 2020 20:42

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2020ء) بددیانت حکمرانوں کی نالائقی،بدانتظامی نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔غریب عوام ذندہ درگور ہیں۔تیل کی قیمت میں کمی اور گندم کی نئی فصل آنے کا بعد بھی مہنگائی کا عفریت حکمرانوں کے سوا سب کو ہلاک کرنے کے درپے ہے۔محمد سلیم بھٹی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ تمام تر آفات اور نامساعد حالات کے باوجوداپنے غیر ضروری اخراجات میں کمی کرنے کی بجائے اضافہ کئے جارہا ہے،اراکین اسمبلی اور حکمرانوں کے ساتھ ساتھ نام نہاد اشرافیہ کے ایک مخصوص اور محدود حواری طبقہ کی تنخواہوں اور مراعات میں بیش بہا اضافہ کر کے انہیں نوازنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دودری طرف ڈائون سائزنگ اور ری اسٹرکچرنگ کے نام پر پاکستان اسٹیل کے 9500 ملازمین کے ساتھ ساتھ گزشتہ دنوں ذرعی بینک کی سبسڈری کسان اسپورٹ سکیم سے 1600 ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ پی آئی اے کو لوٹا جارہا ہے۔حکمران پی آئی اے میں اعلی ملازمتوں اور عہدوں پر فائز افراد کے نام عوام کے سامنے میڈیا میں مشتہر کرے تو عوام کو اندازہ ہوگا کہ بیرون ملک برانچز کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامی عہدوں پر نام نہاد خلائی مخلوق کا قبضہ ہے جو تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کے حقوق غضب کرنے کے ساتھ ساتھ قومی وسائل کی بندر بانٹ کئے جارہے ہیں۔

سلیم بھٹی نے کہا کہ ایک کڑوڑ نوکریوں کا دعوی کرنے والے غاصب حکمران ملک میں بے روزگاری ،بھوک اور غربت میں اضافہ کررہے ہیں جو جرائم میں اضافہ کا باعث بننے کے ساتھ عوام سے انکے ذندہ رہنے کا حق بھی چھین لے گی،روٹی ،کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کرنے کے لئے پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد میں بلا تخصیص ملازمتیں دیں،احتساب کا نعرہ لگا کر دنیا بھر کے چوروں اور لٹیروں پر مشتمل حکومتی بھان متی کا کنبہ بنانے والے کوکینی وزیراعظم آٹا اور چینی چوروں کے خلاف کوئی م،ْوثر کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔

چینی اورآٹا کے بعد پٹرول کی عدم دستیابی کا سونامی عوام کو مفلوج کئے ہوئے ہے اور وزیراعظم جان بوجھ کر مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مشیروں اور وزیروں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔اپوزیشن کو احتساب کا نشانہ بنایا جارہا ہے احتساب ہر طبقہ کے افراد کا ہونا چاہئے اس ملک میں کوئی مقدس گائے اور آسمانی مخلوق عوام سے برتر نہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے بھٹو شہید کی قیادت میں اس ملک کے محکوم اور محروم طبقات کی ترجمانی کرتے ہوئے عوامی جمہوری جدوجہد کی بنیاد رکھی تھی آج بھی بلاول بھٹو شہیدوں کی اسی میراث کو لیکر سامراجی اور طاغونی قوتوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔اور پاکستان کی سماجی،اقتصادی،معاشی،دفاعی نظریاتی اور اثاثی حدوں کے تحفظ کا عزم و یقین رکھتی ہے۔