لداخ میں چین کے ہاتھوں ہزیمت،بھارتی آرمی چیف نے پٹھانکوٹ کا دورہ منسوخ کردیا

بدھ 17 جون 2020 13:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں مشرقی لداخ کی وادی گالوان میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ایک کرنل سمیت کم از کم 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور 34 دیگر کے لاپتہ ہونے کے بعد بھارتی آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے مبینہ طور پر مقبوضہ کشمیر کے پٹھانکوٹ فوجی اڈے کا طے شدہ دورہ منسوخ کرنے پر مجبورہوئے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سے قبل اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے تین بھارتی مسلح افواج کے سربراہان کی ملاقات کی توقع ہے۔ ایسا پیر کی رات وادی گالوان میں چینی فوج کے ساتھ پرتشدد تصادم کے دوران ایک کرنل سمیت بھارتی فوج کے 20 اہلکاروںکی ہلاکت کے بعد ہوا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی میڈیابھی اپنے عوام کو دھوکہ دے کر اس شرمندگی کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے کہ تصادم کے دوران چینی فوجیوں کو بھی کچھ ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم چین نے بھارتی دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے۔