تحریک آزادی کشمیر کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے نوجوان نعمت اللہ شہید کے نقش قدم پر چلیں، عبدالرشید ترابی

پیر 29 جون 2020 20:40

باغ،گنگا چوٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2020ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے نوجوان نعمت اللہ شہید کے نقش قدم پر چلیں،بیس کیمپ کے نوجوان خود کو جہاد کے لیے تیار رکھیں،ہندوستانی عسکری و سیاسی قیادت کی طرف سے آئے روز آزاد کشمیر حملے کے بیانات آرہے ہیں ،بیس کیمپ کے نوجوانوں کو این سی سی کی تربیت کا اہتمام کیا جائے ،ہندوستان کے پروپیگنڈے کے توڑ کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا ،نعمت اللہ شہید نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،ان کے والد عنایت اللہ سمیت پورا خاندان مبارکباد کا مستحق ہے شہداء کے مقدس خون کے صدقے سے کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی شمالی باغ کے زیر اہتمام نعمت اللہ شہید ٹورنامنٹ کی فائنل تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ آزادکشمیر نثار احمد شائق،نعمت اللہ شہید کے والد عنایت اللہ،صدر الخدمت فائونڈیشن باغ مولانا عبدالمنان گوہر،امیر جماعت اسلامی شمالی باغ مولانا ہدایت اللہ،امیر حلقہ وسطی باغ آزاد طارق،صدر جے آئی یوتھ باغ عثمان حنیف،حفیظ اللہ ،حافظ عثمان سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،میچ میں پدر کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ چھتر کی ٹیم رنر اپ رہی ،مہمان خصوصی عبدالرشید ترابی نے تمام شرکاء اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادکشمیر کے اندر سفارشی کلچر کی وجہ سے نوجوان مایوسی کا شکار تھے موجود حکومت نے جس میں ہمارا کلیدی کردار ہے پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر آنے والاے نوجوانوں کو ملازمتیں دیں جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو حوصلے کا پیغام گیا ،سفارشی کلچر ختم ہو گا اور ایسے غریب خاندان جن کے پڑھے لکھے بچوں کی کوئی سفارش نہیں تھی وہ میرٹ کی بنیاد پر آگے آئے اور اس وقت اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کو حقیقی طور پر بیس کیمپ بنانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہمارے دست وبازو بنیں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قائد حریت سید علی گیلانی جو استقامت کا پہاڑ ہیں وہ 10سالہ نوجوان کی طرح اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ہمیں انہیں یقین دلاتے ہیں کہ بیس کیمپ کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ اور آزادی کے لیے کٹ مرنے کے لیے تیار ہے ،انہوں نے کہاکہ جب کھیلوں کے میدان آباد ہو تو ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں نوجوانوں کی صحت مند مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت ہر گائوں کی سطح پر کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کلب بنائے ،انہوں نے کہاکہ گنگا چوٹی سیاحتی مقام ہے صحت افزاء مقام پر اس طرح کی سرگرمیاں ہمارے معاشرے کے لیے سود مند ہیں حکومت آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے سڑکوں کو بہتر کرے تا کہ سیاحت سے خطے میں روزگار کے مواقع مل سکیں ۔