امریکہ کی کراچی اسٹاک ایکسچینج پر خوفناک حملے کی بھرپور مذمت

دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز کا ٹوئیٹ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 30 جون 2020 06:04

امریکہ کی کراچی اسٹاک ایکسچینج پر خوفناک حملے کی بھرپور مذمت
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون 2020ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج پر خوفناک حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز کی جانب سے کراچی اسٹال ایکسچینج پر دہشتگردانہ حملے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرادانہ حملے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 
واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مسلح افراد نے دہشتگردانہ حملہ کیا۔

(جاری ہے)

حملے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی بروقت کارروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سکیورٹی گارڈز اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ جوابی کارروائی میں تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ، ہینڈ گرنینڈ، بارود اور دیگر اشیاء کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔