پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ درج

مقدمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا جس میں ملزمان سے ملنے والی سب مشین گنز کے نمبرز بھی درج ہیں

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 30 جون 2020 10:27

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ درج
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30جون2020ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا جس میں ملزمان سے ملنے والی سب مشین گنز کے نمبرز بھی درج ہیں۔ اس کے علاوہ مقدمے میں اسٹاک ایکسچینج سے قبضے میں لئے گئے 2 موبائل فونز کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قبضے میں لئے جانے والے موبائل فونز میں سے ایک انڈرائڈ ہے جبکہ دوسرا ایک سادہ موبائل ہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

حملہ آور دہشت گردوں کیخلاف پولیس کی بروقت کاروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ جوابی کاروائی میں تمام دہشت گردو بھی مارے گئے۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ ہینڈ گرینڈ، بارود اور دیگر اشیاء کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

تا ہم اس حملے کو ناکام بنا دیا گیا تھا جس کا پورے پاکستان میں جشن منایا گیا تھا کیونکہ پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو صرف 8 منٹ کے دورانیئے میں مار دیا تھا، لیکن اب اس حملے کا مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا جس میں ملزمان سے ملنے والی سب مشین گنز کے نمبرز بھی درج ہیں۔