مقبوضہ میں برہان وانی کے یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی جائے گی، بھارتی فوج نے پلوامہ میںایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا

منگل 7 جولائی 2020 18:07

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کے چوتھے یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو اپنے دوساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کیا تھا۔

سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں سے کہا کہ وہ اس دن کو اپنے اپنے علاقوں میں ’’شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ یوم یکجہتی ‘‘کے طور پر منائیں اور پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میںمزار شہدا ء پر دعائیہ مجالس کا اہتمام کریں۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرنے میں جموں وکشمیر کے عوام متحد ہیں۔

بلال احمد صدیقی ، فریدہ بہن جی ، محمد یوسف نقاش اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنماوں نے بھی اپنے بیانات اور خطابات میں برہان مظفر وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ سرینگر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں لوگوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں برہان وانی کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کریں۔دریں اثنا ء بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقے گوسو میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ پیرانِ ولایت نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو علاقے میں آباد کرکے جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے ایک مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔بھارت نے ایک ہی دن میں ایک افسر سمیت اپنے تین فوجیوں کو کھو دیا جن میں سے دو فوجیوں نے کولگام اور کپواڑہ اضلاع میں خود کشی کرلی جبکہ ایک فوجی نے اپنی جان لینے سے پہلے اپنے افسرکو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

غلام محمد صفی کی صدرات میں تحریک حریت آزادکشمیر شاخ نے ایک اجلاس میں اور حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے رہنماوں محمود احمد ساغر ، میر طاہر مسعود ، سید یوسف نسیم ، حسن البنا ، عبدالمجید ملک ، زاہد اشرف اور زاہد صفی نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں برہان مظفر وانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔KMS/S