وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

5اگست یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ، ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف بھرپور احتجاج اور وزیر اعظم پاکستان کے مجوزہ دورہ کے انتظامات کے حوالہ سے جائزہ لیا گیا

منگل 28 جولائی 2020 23:57

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی زیر صدارت 5اگست یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ، ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف بھرپور احتجاج اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مجوزہ دورہ کے انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری سروسز ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری ، سیکرٹری لبریشن سیل عطااللہ عطا ، ڈائریکٹر جنر ل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،کمشنر مظفرآباد ڈویژن تہذیب النساء ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مسعودالرحمن و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 5اگست کو لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم کشمیری یوم استحصال بھرپور انداز میں منائیں ۔

اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان مظفرآباد کا دورہ کریں گے جبکہ29جولائی سی5اگست تک اسی دوران چیئرمین سینٹ ، خواتین پارلیمنٹرین ، وفاقی وزراء اور صوبائی پارلیمانی وفود بھی آزاد کشمیرکا دورہ کریں گے جہاں وہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے اور مختلف مہاجر کیمپوں میں بھی جائیں گے ۔5اگست کو وزیر اعظم پاکستان مظفرآباد میں احتجاجی جلوس کی قیادت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف وفود کی آمد کے موقع پر ساری سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کو مدعو کریں گے تاکہ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو ہندوستان نے آئینی جارحیت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے آرٹیکل 370اور 35Aکا خاتمہ کیا ہے اور اب ایک منظم سازش کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی ہندووں کی آبادکاری شروع کر دی ہے ۔

ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلے عام خلاف ورزیاں کرنے کا مرتکب ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کے اس جابرانہ قبضے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے خلاف صدا احتجاج بلند کریں گے تاکہ مہذب دنیا کی توجہ کشمیریوں کے اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ بنیادی حق حق خودارادیت کی جانب مبذول کروائی جاسکے اور بھارتی کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خواہشات کو طاقت کے زور پر روکنے سے باز رکھا جاسکے۔