2021 کے انتخابات آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کی نوید لے کر آئیں گے، فواد اسلم خان

گلگت بلتستان کے انتخابات ایک مرتبہ پھر عمران خان کی پالیسیوں پر عوام اعتماد کا مظہر ہوں گے، پی ٹی آئی رہنما کا خطاب

اتوار 9 اگست 2020 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کا قائد صرف عمران خان ہے اور 2021 کے انتخابات آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کی نوید لے کر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فواد اسلم خان نے دواریاں کے مقام پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستان کی عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا اور عمران خان ستر برس میں پہلا سیاستدان ثابت ہوا جس نے چاروں صوبوں اور وفاق میں یکساں پزیرائی حاصل کی، گلگت بلتستان کے انتخابات ایک مرتبہ پھر عمران خان کی پالیسیوں پر عوام اعتماد کا مظہر ہوں گے، عمران خان نے آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ 22 ارب سے بڑھا کر 24.5 ارب کیا, واٹر یوزز چارجز 0.5 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے برابر یعنی 1.25 روپے فی یونٹ کئے،احساس پروگرام میں آزاد کشمیر کو آبادی کے تناسب سے زیادہ حصہ دیا، ایل او سی کے 1 لاکھ 25 ہزار خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا،آزاد کشمیر کی سو فی صد آبادی کو صحت کارڈ ملیں گے،بلین ٹری پراجیکٹ میں آزاد کشمیر میں 11 ہزار نوجوان بھرتی ہوئی مگر مسلم لیگ ن کی حکومت نے بدوں اشتہار اور میرٹ کے بجائے سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی جس سے آزاد کشمیر میں اس پراجیکٹ کی ناکامی کا خدشہ ہے، وفاقی حکومت نے وادی نیلم کو ماڈل نیشنل پارکس منصوبے میں مسک ڈئیر نیشنل پارک کا تحفہ دیا جس سے 450 نوجوانوں کو روزگار ملے گا،جلد ہم وادی نیلم میں متبادل ایندھن کی فراہمی کے لئے شمسی توانائی پر چلنے والے چولہے متعارف کروائیں گے جس سے باورچی خانوں میں جلنے والی لکڑی کے استعمال کو کم کر کے جنگل کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے،مسلم لیگ ن کی حکومت نے چار برس میں سوائے کھوکھلے وعدوں کے نیلم کو کچھ نہیں دیا،شاہ غلام قادر نے نیلم کی عوام کو سبز باغ دکھا کر ورغلایا اور آج نیلم کے سفید رقبہ جات پر قبضہ کرنے جا رہا تھا جسے نوجوانوں نے ناکام بنا دیا،انشاء اللہ آمدہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کو میدان میں اتارے گی اور انشاء اللہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو شکست فاش دے کر آزاد کشمیر میں حکومت بنائیں گے،میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ سب عمران خان کے نظریات کے سفیر بنیں گے جس طرح پوری دنیا میں عمران خان کشمیریوں کا سفیر بنا ہوا ہے۔