Live Updates

مسلم لیگ (ن)نے نیب لاہورآفس میں غنڈہ گردی کر کے سپریم کورٹ پر حملے کی تاریخ دہرائی،

آلِ شریف کی سیاست، عزت کو جتنا نقصان بیگم صفدر نے پہنچایا، اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا،(ن)لیگ نے کبھی اداروں کا احترام نہیں کیا،اداروں کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت وصوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس

منگل 11 اگست 2020 23:05

مسلم لیگ (ن)نے نیب لاہورآفس میں غنڈہ گردی کر کے سپریم کورٹ پر حملے کی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت حسین اور صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیر کی رات جاتی امرا ء میں نیب دفتر پر حملہ کرنے کی گھنائونی سازش کے دوران کارکنان میں دس لاکھ روپیہ تقسیم کیا گیا جس میں سے پتھر مارنے والوں کو فی کس 25 ہزار اور مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مار کر شیشہ توڑنے والوں کو ایک ،ایک لاکھ روپیہ دیا گیا،نیب کے دفتر کے باہر امن و عامہ کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی ،یہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آئی کہ مسلم لیگ (ن)نے سپریم کورٹ پر حملے کی تاریخ دہرائی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور وزیر قانون راجہ بشارت نے ان خیالات کا اظہار90شاہراہ قائد اعظم پر ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے آل شریف کی جانب سے آئینی و قانونی اداروں پر حملہ کرنے کی اعلی روایت کو زندہ کرتے ہوئے نیب دفتر پر حملہ کیا اور اس بدنامی کے داغ کو اپنے ماتھے پر سجا لیا۔

ان کے والد نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا اور آج نیب کی بیس سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ کسی جماعت کی طرف سے نیب پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب اس حقیقت کو جانتے ہیں کہ آلِ شریف کی سیاست، عزت اور وقار کو جتنا نقصان بیگم صفدر نے پہنچایا، اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا۔ نیب آفس پر حملہ دراصل بیگم صفدر اعوان کی جانب سے اپنے چچا شہباز شریف اور کزن حمزہ شہباز کی رہی سہی سیاست پر خودکش حملہ تھا،بیگم صفدر اعوان نے لیگی سیاست کا بقیہ جنازہ بھی نکال دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیر کی رات جاتی امرا ء میں نیب دفتر پر حملہ کرنے کی گھنانی سازش کے دوران کارکنان میں دس لاکھ روپیہ تقسیم کیا گیا جس میں سے پتھر مارنے والوں کو فی کس 25 ہزار اور مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مار کر شیشہ توڑنے والوں کو ایک ایک لاکھ روپیہ دیا گیا۔ لیگی کارکنان اپنی پارٹی قیادت سے بدظن ہیں جنہیں جلوس کی صورت میں نیب پیشی پر ساتھ لے جانے پر رضامند کرنے کے لیے پیسہ استعمال کرنے کا مشورہ سینئر لیگی رہنما اور بیگم صفدر اعوان کے اطالیق پرویز رشید صاحب نے دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کو دو سو ایکڑ زمین غیر قانونی طریقے سے اپنے نام کرنے کے کیس میں بلایا گیا تھا لیکن اپنی میڈیا ٹاک میں انکا سارا زور مسئلہ کشمیر اور دیگر بین الاقوامی امور کی طرف رہا تا کہ ان کی اس مذموم حرکت سے میڈیا اور عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان سمجھتی ہیں کشمیر کو آزادی شاید مودی کی اماں کو ساڑھیاں تحفے میں بھیجنے، آموں کی پیٹیاں بھیجنے، سفارتی آداب کو نظر انداز کرتے ہوئے ہمسایہ ملک سے پاکستان دشمن قیادت کو اپنی شادیوں میں دعوت دینے سے ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو ہر صورت سزا ملے گی۔راجہ بشارت نے کہا کہ مریم نواز کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں بلکہ ان کے کرتوتوں کی وجہ سے بلایا گیا تھا۔نیب کے دفتر کے باہر امن و عامہ کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی اور نیب کے 20 سالہ دور میں اس طرح کی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کبھی دیکھنے میں ملا ہو جس کا مظاہرہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کیا گیا ،یہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آئی کہ مسلم لیگ (ن)نے سپریم کورٹ پر حملے کی تاریخ دہرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی سامنے آئی کہ مسلم لیگ (ن)کرپٹ لوگوں کو بچانے کے لیے کس حد تک جاسکتی ہے اور اس کی غنڈہ گردی سے آئینی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محفوظ نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہا کہ آج کی میڈیا کوریج اس بات کی شاہد کے کہ یہ واقعات کس طرح رونما ہوئے، آج کے تمام واقعات کا میڈیا عینی شاہد ہے اور میں میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے بہت سی معلومات شیئر کیں اور مسلم لیگ (ن)کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔

راجہ بشارت نے کہا کہ مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ جلوس لے کر وہاں پہنچی جو اس بات کی دلیل ہے کہ مسلم لیگ (ن)اداروں کا احترام نہیں کرتی۔جو خاتون عدالت سے ضمانت پر ہے اس نے عدالت کی دی ہوئی رعایت کا غلط استعمال کیا کیونکہ کوئی بھی شخص جو ضمانت ہو قانون اسے ہر گز یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ آئینی و قانونی اداروں پر چڑھائی کرے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی غلط فہمی ہے کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے حکومت کو مرعوب کریں گے اور اداروں کو دبا ئومیں لے آئیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔-
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات