کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مالی وسائل تک آسان رسائی اور روزگار مہیا کیا جائے گا،

اس مقصد کیلئے 100ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ، اے پی سی میں اپوزیشن رہنمائوں کے چہروں پر عمران خان کا خوف طاری تھا ، نواز شریف اور آصف زرداری کے خطابات دونوں کو بر ی طرح بے نقاب کر دیا ، عثمان ڈار

پیر 21 ستمبر 2020 23:12

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار بھی مہیا کیا جائے گا، کامیاب نوجوان پروگرام کے پہلے مرحلہ میں 21 سے 45 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کو اپنی انٹر پرینوئر مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالی وسائل تک آسان رسائی دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے 100ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین کامیاب نوجوان پروگرام عثمان ڈار نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے نوجوان کاروباری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں مگر انہیں ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے آج ملک بھر کی طرح فیصل آباد کی مائیکرو ، کاٹیج اور ایس ایم ای انڈسٹری بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی میں فیصل آباد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس اہم شعبہ کیلئے مکمل وزارت قائم کرنا چاہتے ہیں جس پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس ایم ای سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا حالانکہ برآمدات میں اس کا حصہ 80 فیصد جبکہ جی ڈی پی میں اس کا حصہ 25 سے 30 فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار کردار کے باوجود کل دیے گئے قرضوں کا صرف 6 فیصد اس سیکٹر کوملا جو اس سیکٹر کے بحران کی اصل وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار بھی مہیا کیا جائے گا جبکہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاںپیدا کرنے کے علاوہ پیداواری لاگت میں کمی کیلئے بھی مثبت اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آئندہ چند ماہ کے دوران ٹیکسوں میں کمی کی جائے گی تاکہ ہمارے برآمد کنندگان عالمی منڈیوں میں تجارتی حریف ملکوں سے بآسانی مقابلہ کر سکیں۔

بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کو انہوں نے سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ برآمد کنندگان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر دس دس سال پرانے ری فنڈ کلیم ادا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پورٹل پر فیصل آباد ڈویژن سے 21 ہزار نوجوانوں نے 27 ارب کے قرضوں کی ڈیمانڈ کی ہے، ان درخواستوں کی سکروٹنی جلد شروع ہو جائے گی اور اس وقت 21کے 21 بینک اس کام میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک اس پروگرام کے تحت ایس ایم ای سیکٹر کے 3 ہزار اداروں کو 1.3 ارب کے قرضے دیے جا چکے ہیں جبکہ 6 سے 7 ہزار اداروں کیلئے مزید 5 ارب کے قرضے منظور کئے گئے ہیں جو آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ کے دوران تقسیم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال تک ایک سے ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پچھلی حکومتوں کی طرح یہ قرضے سیاسی وابستگی کی بجائے خالصتاً میرٹ پر دیئے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ کل اے پی سی میں اپوزیشن رہنمائوں کے چہروں پر عمران خان کا خوف طاری تھا ۔ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کا خطاب قوم کو سنوا کر دونوں کو بر ی طرح بے نقاب کر دیا ، آصف زرداری اور نواز شریف ہشا ش بشا ش نظر آرہے تھے اور بیمار نہیں لگ رہے ، قوم اور نواز شریف کے ورکرز کو پتہ چل گیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں چھوڑ کرلندن بھاگ گئے ہیں ۔

نواز شریف ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگاتے ہیں حالا نکہ 2018 کے الیکشن میں قوم نے دو پارٹی سسٹم کو مسترد کر دیا ، تحریک انصاف کو 1 کروڑ 70 لاکھ ووٹ دے کر ووٹ کو عزت دے دی ہے ۔ نواز شریف ووٹ کو عزت دینے کی بجائے کورٹ کو عزت دیں اور عدالتوں میں پیش ہو کر مقدمات کا سامنا کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کو خوف ہے عمران خان جس طرح قوم کو لیڈ کر رہے ہیں اس سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی ۔

وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سب اپنی کرپشن بچانے کیلئے اکھٹے ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا اور دنیا ابھی تک اپنے معاشی حالات پر قابو نہیں پا سکی لیکن وزیر اعظم عمران خان کے سمارٹ لاک دائوں ویژن نے ہمارے ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا ورنہ اپوزیشن تو اس معاملے پر بھی انڈیا کی پالیسی کی ہم نوا تھی لیکن سمارٹ لاک ڈائون کی وجہ سے صنعت سمیت ہمارے مختلف شعبے کھلے رہے ، انہیں بھارت اور چین سمیت مختلف ملکوں سے برآمدی آ رڈرز ملے اور اس دوران انہوں نے اچھی کارکر دگی کا مظاہر ہ کیا ۔

اس سے قبل وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کاروباری مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت آنے سے پہلے جس ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے تحت برآمدات کیلئے 7.5 سینٹ پر بجلی اور 6.5 سینٹ پر گیس مہیا کی گئی۔ جس سے نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا بلکہ برآمدات بھی بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی صنعتیں اپنی مکمل استعداد کے ساتھ چل رہی ہیں اور کئی صنعتوں کے پاس کئی کئی سال کے ایڈوانس آرڈر ہیں۔ انہوں نے ویونگ کے شعبہ کے بارے میں بتایا کہ برآمدات میں کمی کی وجہ سے یہ لوکل مال بنانے پر آگیا تھا مگر برآمدی آرڈر کی وجہ سے اب یہ دوبارہ برآمدی مال تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کاروبار کرنے کیلئے ہر ممکن مالی وسائل مہیا کرے گی تاکہ وہ قومی معیشت میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔

اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ یہ چیمبر اس علاقہ کے ڈیڑھ کروڑ عوام کی ترجمانی کر رہا ہے۔ فیصل آباد چیمبر نے تاجر اور صنعتکار برادری کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے اور 15سال سے زیر التوا بیمار صنعتوں کی بحالی سمیت تمام مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں نئے اور جدید ایف سی سی آئی کمپلیکس کیلئے 5ایکڑ زمین بھی خریدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ قیادت نے زیادہ تر مسئلے حل کر لئے ہیں مگر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی واپسی کا مسئلہ ا بھی تک حل طلب ہے اور اس سلسلہ میں انہیں مقامی ارکان اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزراء اور معاونین کی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہر چھوٹی صنعتوں کا شہرہے جن کیلئے 13سینٹ کی بجلی ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام اس شہر کی جامعہ ترقی کیلئے اپنا جائز حق مانگتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب نوجوان پروگرام کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کے حصول کو مزید سادہ ، سہل اور آسان بنایا جائے۔جبکہ سیکورٹی کے بغیر قرض کی شرح کو 10 لاکھ سے بڑھا کے 50 لاکھ کیا جائے۔

اس موقع پر صدر رانا محمدسکندر اعظم خاں نے عثمان ڈار کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے فیصل آباد چیمبر کے لان میں پودا لگا یا اور چیمبر کے مین ہال میں کامیاب جوان پروگرام کے ڈیجیٹل ہیلپ ڈیسک کا بھی افتتاح کیا اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں میں آسان شرائط پر قرضوں کے چیک بھی تقسیم کیے ۔