سردار مسعود خان کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

بھارتی فوج کی کارروائی مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،صدر آزاد کشمیر

بدھ 23 ستمبر 2020 16:44

سردار مسعود خان کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا جواز اور بلا اشتعال ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) آزاد جموں و کشمیر صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ کے نتیجہ میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اظہار کرتے ہوئے اسے بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ بھارتی فوج نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے دیوا سیکٹر میں جنگ بندی معائدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

فائرنگ کے تبادلہ کے دوران پاک فوج کے سپاہی نورالحسن اور وسیم علی شہید ہو گئے۔ اس سال کے آغاز سے اب تک بھارت 2300 سے زیادہ مرتب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے شہریوں یا شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچاچکا ہے۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی اس کارروائی کو مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کی ناپاک سازشوں سے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو اپنی جان کی قربانی دینے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔