اسلام آباد،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام نریندر مودی کے خلاف مظاہرہ

ہفتہ 26 ستمبر 2020 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ نریندر مود ی آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے کہا بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کو ماروائے عدالت قتل کر رہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری کسی قسم کی مراعات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کیلئے قربانیاں د ے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت غیر کشمیریوںکو جموںوکشمیر کے ڈومیسائل فراہم کر کے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اس نے مقبوضہ علاقے میں مساجد اور مسلمانوں کے دیگر مذہبی مقامات کو مندروں میں تبدیل کرنے کا بھی منصوبہ بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی ، مولانا مشتاق وریزی ،امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر حمید فیاض اور دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو جیلوںمیں نظر بند رکھا گیا ہے جبکہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور دیگر قائدین کو گھروں میں نظر بند رکھا گیا ہے۔

حریت رہنمائوں نے جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قبل ازیں ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیںاور وہ اپنی تحریک کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے جانے تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ مظاہرے میں سیدفیض نقشبندی ، اشتیاق حمید، شمیم شال ، نذیر احمد کرناہی ، حاجی سلطان، عبدالمجید ملک ، عبدالمجید میر، امتیاز وانی، حاجی سلطان بٹ، شیخ عبدالمتین، حسن البناء، ایڈووکیٹ پرویزاحمد، سید اعجاز احمدشاہ، گلشن احمد ، سید مشتاق، محمد شفیع ڈار، سلیم ہارون، مشتاق بٹ، عدیل مشتاق، زاہد صفی، کفایت رضوی، سید علی رضا بخاری ، عبدالرشید شاہ، سرور شاہ اور دیگر شامل تھے۔