کارکن 11 نومبر اپراڈاہ لال چوک میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسہ کو کامیاب تاریخی بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں‘خواجہ فاروق احمد

منگل 20 اکتوبر 2020 14:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری و سابق وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے لوئر پلیٹ میں سٹی صدر سید چن شاہ اور لوئر چھتر میں ملک عنایت حسین کی زیر صدارت ہونے والی دو الگ الگ میٹنگز سے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 نومبر اپراڈاہ لال چوک میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسہ کو کامیاب تاریخی بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں ، ان دونوں اجتماعات سے فاروق اشرف اعوان، ملک انصر سہیل ، سید فیضان کاظمی ، بلال خان مغل ایڈووکیٹ ، ذوہیب اکبر ، جہانگیر مغل ، خواجہ عاطف بشیر ، راجہ الیاس خان ، موہیت کاظمی ، بلال خان سواتی ، فراقت اعوان، احسن ملک نے خطاب کیا، خواجہ فاروق احمد نے 11 نومبر دن 2 بجے اپر اڈہ لال چوک میں ہونے پی ٹی آئی کے جلسہ کو موجودہ حکمرانوں کے سیاسی تابوت میں آخری کیل قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ حلقہ تین میں گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں صرف ترقیاتی مد میں 54 کروڑ روپیہ مقامی رکن اسمبلی کو ملا ہے یہ کہا ں خرچ ہوا ، اس کا آج جب عوام حساب مانگتے ہیں تو عوام کو جواب دینے کے بجائے غلیظ زبان استعمال کی جاتی ہے جو کوئی بھی مہذب ، پڑھا لکھا بظاہر انسان کسی بھی محفل میں استعمال نہیں کرتا ، لیکن اب ایسے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے عوام کا منہ بند نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے سرکاری ملازمین جو وزیر تعلیم کے ساتھ سیاسی جلسوں میں جاتے ہیں کو خبر دار کیا کہ سوشل میڈیا پر انکی تصاویر محفوظ ہو جاتی ہیں انہیں چاہیے کہ اپنے کام سے کام رکھیں ، ایم ایل اے ، وزیر کے سیاسی انتخابی اجتماعات کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی حاضری سے اجتناب کریں ، خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار اور ایم ایل اے اپنے لگاتار دو بار ایم ایل اے بننے والے عرصہ میں مظفرآباد میں ایک بھی تعلیمی ادارہ نہ کھول سکے کہ مظفرآباد شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے کم ازکم ایک بوائز اور ایک گرلز انٹر کالجز کا قیام وقت کی ضرورت تھا ، شاہ سلطان برج ، ٹاہلی منڈی تا لوئر پلیٹ ، چہلہ بانڈی تا ماکڑی تینوں پل نہ بن سکے ، واک وے کے منصوبہ کے فنڈز منتقل ایک بار پھر کردیئے گئے ، اولڈ کچہری ، طارق آباد ، ڈھیریاں سیداں ، گلشن کالونی لنک روڈ ، دومیل سیداں مانک پیاں روڈ آج تک نہ تعمیر ہو سکیں، سرکاری نوکریاں صرف اپنے رشتہ داروں ، عزیزو اقارب کیلئے ہی وقف کردی گئیں ہیں ، اقرباء پروری کو جتنا فروغ موجودہ حکومت نے دیا اسکی مثال نہیں ملتی ، یہ ریاست کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے جو آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے نواز شریف المعروف نئے الطاف حسین کے نعرے لگانا اپنے لئے زیادہ فخر محسوس کرتی ہے ، لوئر چھتر میں ہونے والے اجتماع کے آخر میں ملک انصر سہیل نے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔