وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس،ریٹائرمنٹ کی عمر45سے بڑھا کر50سال کرنیکی منظوری

بلند عمارتوں میں ایمرجنسی اخراج کے راستے ہر صورت رکھنے اورعمارتوں کی جامع انسپکشن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت عمارتوں کے قریب ہائیڈرنٹس لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے،موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا دائرہ کار ہر ضلع تک لیکر جائینگے‘عثمان بزدار

پیر 26 اکتوبر 2020 18:17

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس،ریٹائرمنٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت 90شاہراہ قائداعظم پرپنجاب ایمرجنسی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ریسکیو 1122سروس کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ریٹائرمنٹ کی عمر45سال سے بڑھا کر50برس کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں دوران تربیت ریسکیورز کو قواعدو ضوابط کے تحت تنخواہ اوردیگر مراعات دینے اور3235افسروں اورعملے کوقواعدوضوابط کے مطابق ریگو لر کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلند عمارتوں،پلازوں اور شاپنگ مالز میں ایمرجنسی اخراج کے راستے ہر صورت رکھے جائیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عمارتوں کی جامع انسپکشن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ عمارتوں کے قریب ہائیڈرنٹس لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

ہائیڈرنٹس سے آتشزدگی کی صورت میں فائر بریگیڈ گاڑیوں کو پانی کیلئے دورنہیں جانا پڑے گا۔

انہوںنے ہدایت کی کہ عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب یقینی بنائی جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک لیکر جائیںگے۔ہر ضلع کو ایمبولینس سروس کیلئے 50موٹر سائیکلیں دی جائیںگی۔انہوںنے کہا کہ 250نئی ایمبولینسیں بھی خریدی جارہی ہیں۔ریسکیو1122کے ادارے کو غیرروایتی انداز سے چلایا جائے گا۔

ریسکیو1122کے افسروں اورعملے کی ترقی کے امورکو جلد حل کیا جائے ۔اس ضمن میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے ، مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔سروس رولزکے حوالے سے معاملات جلد طے کیے جائیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں صوبائی وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔انہوں کہا کہ ریسکیو 1122کوسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کیلئے ہر اقدام اٹھائیںگے۔

وزیراعلیٰ نے ریسکیو1122کے امورکو باہمی کوآرڈینیشن کے تحت جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈی جی ریسکیو1122کے عہدے کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیرکو مزید 6ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے ڈی جی کا تقرر قواعد و ضوابط کے مطابق 6ماہ کے اندر ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکوڈاکٹر رضوان نصیرنے اقوام متحدہ کی جانب سے ریسکیو ٹیم کو ملنے والی شیلڈ پیش کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ریسکیو 1122کی کارکردگی کی تعریف کی اورمزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس سے 6لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوئے۔اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، اراکین پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، خدیجہ عمر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔